29/11/2025
پشاور پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والا افغان مہاجر گروپ کا سرغنہ شرف الدین گرفتار
پشاور: پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والا ملزم پھندو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
گزشتہ روز گلبہار پولیس نے اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔ اس آپریشن کی تصاویر اور خبر کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے پی آر او کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی، جس کے بعد گرفتار شدہ عناصر کے ساتھیوں نے پولیس کے پی آر او اسٹاف کو موبائل فون کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور ڈرایا کہ تصاویر اور خبر کیوں شیئر کی گئی۔
اعلیٰ پولیس افسران نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی۔ پھندو پولیس نے نام نہاد دو نمبر تنظیموں کے کارندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مرکزی ملزم افغان مہاجرین کا سرغنہ شرف الدین کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پشاور پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جائے گا جو معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ پگڑی نما نام نہاد جرگے کرنے والوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مزید برآں، سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش میں ملوث اس افغانی گروپ کے خلاف بھی سخت نگرانی اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کو ہی دھمکیاں دینے والے گروہ سرگرم ہیں اور وہ بھی افغان مہاجرین تو عام آدمی کی کیا حیثیت باقی رہ جاتی ہے لہٰذا ان عناصر کے خلاف مؤثر اور شفاف کارروائی ناگزیر ہے ۔
پیار عشق محبت
Update Pakistan News