07/11/2025
ایک انسانی جان گئی اور پولیس کے مزے افسوس میری وادی
کھوئی رٹہ چند روز قبل گاڑی کی ٹکر سے خاتون کو کچلنے والا ملزم اس وقت پولیس کی حراست میں ہے ،مسلسل دو روز پولیس آفیشلز کے ساتھ رابطہ کرنے کے باوجود انکی جانب سے ٹال مٹول کی وجہ سے مکمل تفصیلات موصول نہیں ہو سکیں
زرائع کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق ملزم حمید المشہور (میدی)ساکن بنڈلی پیشہ ور مشہور زمانہ منشیات فروش ہے جس پر درجنوں مقدمات درج ہیں ،اطلاعات کے مطابق جس وقت ملزم نے خاتون کو گاڑی تلے کچلا اس وقت ملزم نشے کی حالت میں تھا اور اس کی گاڑی میں بھاری مقدار میں منشیات اور بھاری رقم بھی موجود تھی
زرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کی پولیس کے ساتھ پرانی رفاقت ہے پولیس کے ساتھ ساز باز ملزم کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے اور پولیس تھانہ کے متعدد ٹاؤٹ ملزم کو بچانے کے لیے اس وقت متحرک ہیں اور پر امید ہیں کہ وہ ملزم کو جلد پولیس کی حراست سے آزاد کروا لیں گے
زرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملزم اور پولیس کے مشترکہ فرنٹ مین ابھی تک پولیس کو بھاری رقم ادا کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں اور شاید کچھ حصہ ادا بھی کر چکے ہیں جس وجہ سے ملزم انتہائی مطمئن ہے کہ وہ جلد قانون کے جعلی سے شکنجے سے آزاد ہو جائے گا ،
مقامی صحافیوں کی عدم دلچسپی اور پولیس کی مکمل خاموشی نے اس معاملے پر سوالیہ نشان چھوڑے ہیں جس وجہ سے عوام میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے
میں نے ہسپتال سے معلومات حاصل کرنے کی غرض سے جب رابطہ کیا تو یہ سن کر حیرت ہوئی کہ اتنا بڑا حادثہ ہو جانے کے باوجود پولیس نے ملزم کا میڈیکل سرے سے کروایا ہی نہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم کو جان بوجھ کر ریلیف دینے کی کوشش کی گئی
عوامی حلقوں نے پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر خود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ خاندان جو پہلے سے کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے جن کی خاتون اس المناک حادثے میں جان بحق ہوئی ہے انہیں انصاف دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں