09/09/2022
صوبائی حکومت کے وجود میں آنے سے لیکر آج تک گلگت بلتستان کی عوام کو چوکر کھلایا جا رہا ہے,سعدیہ دانش
گلگت:پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات اور ممبر اسمبلی سعدیہ دانش نے صوبائی حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی اور ان کی کابینہ شاید یہ بھول گئے ہیں کہ ان کی حکومت کو دو سال ہو رہے ہیں جب وفاق میں ان کی حکومت تھی گندم کا بحران اور ناقص آٹے کی فراہمی اسی وقت سے شروع ہوئی ہے جب سے انہوں نے اقتدار سنبھالا ہے۔
صوبائی حکومت کے وجود میں آنے سے لیکر آج تک گلگت بلتستان کی عوام کو چوکر کھلایا جا رہا ہے یہ کوئی وفاقی حکومت کے تبدیل ہونے کے بعد کا معاملہ نہیں ہے جب بھی صوبائی حکومت سے ان کی کارکردگی پر سوال کریں تو وہ جواب میں اپنی کارکردگی بتانے کی بجائے کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اپوزیشن پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہیں اسی طرح آج بھی اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور اپوزیشن کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ 10 ارب کی گندم سبسڈی لے جائیں اور پوری گندم کا کوٹہ پورا لے آئیں اگر اپوزیشن 10 ارب میں گندم کی سبسڈی ریگولیٹ کرتی ہے اس نظام کو ٹھیک کر سکتی ہے تو آپ کے پاس حکومت میں رہنے کا کیا جواز بنتا ہے؟
اگر اپوزیشن نے ہی معاملات چلانے ہیں تو حکومت استعفیٰ دیکر گھر چلی جائے جب حکومت کوئی بھی ذمے داری اٹھانے کے لئے تیار نہیں ان کے جو کام ہیں وہ بھی اپوزیشن نے ہی کرنے ہیں تو حکومت اپنی نااہلی قبول کرتے ہوے مستعفی ہو جائے۔ آج غیر سنجیدگی اور حکومتی نا اہلی کے باعث گلگت بلتستان کا ہر ادارہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے خوراک، تعلیم ، سیاحت اور خاص طور پر محکمہ صحت عجب کرپشن کی غضب کہانیاں سنا رہا ہے ہسپتالوں کی حالت روز بروز ابتر ہوتی جا رہی ہے صوبائی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اصطبل سے بھی بدتر حالت میں ہیں۔
سعدیہ دانش نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی کے حوالے سے وزیر اعلی نے اپوزیشن پر جو الزامات لگائے ہیں وہ پہلے خود یہ بتائیں کہ انہوں نے جو چھ سمریز بھیجی ہیں وہ کس ڈیل اور کس میرٹ کو بنیاد بنا کر بھیجی ہیں وزیر اعلی خود بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے ججوں کی تعیناتی کے لئے اقدامات اٹھائیں تو صحیح اگر اپوزیشن اس پر بات بھی کرے تو غلط سیاست میں یہ دہرا معیار کسی بھی طرح قبول نہیں کریں گے۔ یہ ہر سیاسی جماعت اور ہر سیاسی قیادت کا حق ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے ہر شعبے سے مطعلق اپنی رائے کا اظہار کرے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور ان کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
یہ تحریک انصاف کی قیادت ہے جس نے ملکی سلامتی کے اداروں سمیت اعلی عدلیہ کو بھی حدف تنقید بنایا اور اداروں کو متنازعہ بنانے کی پوری مہم چلا رہے ہیں وہ اپنے آپ کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں جب کہ ہماری قیادت نے سر کٹا کر بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ہے اس سے بڑی حب الوطنی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ غداری کا چورن بیچنے والے یاد رکھیں کہ ان کے لیڈر عمران نیازی خود آئے روز غداری اور توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں پہلے ان کی خیر منائیں۔