13/10/2025
شاہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم نے شکاگو میراتھون مکمل کرلی
یومِ پیدائش کے دن 42 کلومیٹر کا فاصلہ تقریباً پانچ گھنٹے میں طے کیا
شکاگو: اسماعیلی برادری کے امام، شاہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم نے اتوار کے روز اپنے یومِ پیدائش کے موقع پر دنیا کی معروف ترین دوڑوں میں سے ایک شکاگو میراتھون 2025 میں حصہ لیا اور 42.2 کلومیٹر (26.2 میل) کا فاصلہ تقریباً پانچ گھنٹے سے کچھ کم وقت میں مکمل کیا۔
دوڑ کے اختتام پر آغا خان پنجم نے اُن جماعتی اراکین کو مبارکباد دی جو میراتھون میں شریک تھے اور اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے راستے میں اُن کی حوصلہ افزائی کی۔
اپنی حالیہ فرامین میں آغا خان پنجم نے اسماعیلی جماعت کو جسمانی طور پر متحرک رہنے اور کھیلوں میں حصہ لینے کی تاکید کی ہے۔ نیروبی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا تھا:
“روزانہ کچھ وقت ورزش کے لیے نکالیے۔ چاہے عمر یا مصروفیت کچھ بھی ہو، سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ حرکت میں رہیں۔ یہ نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔”
آغا خان پنجم خود بھی باقاعدگی سے کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ وہ 2024 میں برلن میراتھون میں بھی شریک ہوئے تھے، جب کہ انہیں سر فنگ اور لمبی دوڑوں سے خاص دلچسپی ہے۔
شکاگو میراتھون ہر سال اکتوبر میں منعقد ہوتی ہے اور اسے دنیا کی سب سے نمایاں میراتھون دوڑوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دوڑ کا آغاز گرانٹ پارک سے ہوتا ہے اور راستہ شہر کے شمالی، مغربی اور جنوبی محلوں سے گزرتا ہوا دوبارہ مرکزی علاقے میں ختم ہوتا ہے۔
1977 میں آغاز کے بعد سے یہ ایونٹ اپنی ہموار راہ، منظم انتظامات اور مقامی تعاون کی بدولت عالمی شہرت حاصل کر چکا ہے۔ ہر سال ہزاروں رضاکار راستے میں معاونت فراہم کرتے ہیں، جبکہ گزشتہ برس اس دوڑ کے ذریعے تین کروڑ امریکی ڈالر سے زائد رقم 200 سے زیادہ فلاحی اداروں کے لیے جمع کی گئی۔