11/08/2025
سابق صوبائی وزیر بلدیات و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) استور، فرمان علی رانا نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل اور تباہ کن حکومت کو فوری طور پر مستعفی ہو کر گھر چلے جانا چاہیے۔ آج دنیور کا المناک سانحہ، جس میں سات قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، اس ناکام اور کرپٹ حکومت کی براہِ راست غفلت اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وکلا برادری، تاجر، پولیس ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹریٹ کے ملازمین حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، مگر حکمران عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے تاجکستان میں میوزیم کے دوروں میں مصروف ہیں۔ اس سے بڑھ کر حکومتی بےحسی اور نااہلی کی اور کوئی مثال نہیں مل سکتی۔
فرمان علی رانا نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، لیکن گلگت بلتستان میں نہ حکومتی رٹ قائم ہے اور نہ ہی عوامی مسائل حل کرنے کا کوئی ارادہ۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام اب اس نااہل، کرپٹ اور عوام دشمن حکومت کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ وزیر اعلیٰ گلبر خان کو چاہیے کہ اپنی تنخواہیں اور مراعات لیتے ہوئے فوری طور پر اسمبلی تحلیل کریں، تاکہ دو سے تین ماہ کے لیے نگران حکومت قائم ہو اور نومبر سے پہلے شفاف انتخابات ممکن بنائے جا سکیں۔ بصورتِ دیگر موجودہ تمام تر بدحالی اور بحران کی ذمہ داری براہِ راست گلبر حکومت پر عائد ہوگی ۔