01/11/2025                                                                            
                                    
                                                                            
                                            *جشنِ آزادیِٔ گلگت بلتستان انٹر ڈویژنل کالجیٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا رنگا رنگ فائنل میچ* 
*آج یکم نومبر کو جشن آزادئِ گلگت بلتستان* سلسلہ کی آخری کڑی میں ڈویژنل بین الکلیاتی (Inter Collegiate) کرکٹ فائنل میچ کا مقابلہ گلگت وارئیرز (گورنمنٹ ڈگری کالج مناور، گلگت) اور بلتستان K2 (گورنمنٹ ڈگری کالج سکردو) دو ہیوی ویٹ ٹیموں کے درمیان ہوا، بالنگ اور بیٹنگ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوب جان کی بازی لگائی۔ گلگت واریئرز کی ٹیم اس فائنل میچ سے پہلے اپنی شاندار بالنگ اور جاندار بیٹنگ کے بدولت پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔
پہلا مرحلہ ٹاس کا تھا جسے بلتستان K2 نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ میچ کے ابتدائی چار  اوورز میں گلگت کے بالرز حاوی رہے اور سکور 43 رنز تک محدود رہا۔ ابتدائی پانچ اوورز میں چار کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باوجود پانچ کیچز  ڈراپ ہوئے جس میں مین دی میچ بیٹر ذوالقرنین کے دو کیچز بھی شامل تھے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوتے چھکوں چوکوں کی برسات ہوئی اور ذوالقرنین کا بیٹ رنز اگلتا رہا، پورے ٹورنامنٹ کی واحد نصف سینچری کے اپنے انفرادی سکور 82 تک پہنچایا اور 10 اوورز کے اختتام پر بلتستان K2 نے 15 رنز فی اوور کے اوسط سے 152 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
جوابی وار میں گلگت واریئرز کے کھلاڑیوں نے بھی خوب داد سمیٹی, چھکے چوکوں کی برسات کے دوران 5 کیچز بھی ڈراپ ہوئے، گلگت واریئرز کے محمد آصف، عطف میاں، حفاظت اللہ اور کامران نے خوب مزاحمت کی مگر دس اوورز میں 127 رنز بنا سکے۔ یوں 24 رنز سے بلتستان K2 کی ٹیم فائنل کی ٹرافی اپنے نام کی اور ایک بہترین ٹورنامنٹ کا اختتام ہوا۔
مہمانِ خصوصی سیکریٹری ھائر ڈیپارٹمنٹ ایجوکیشن جی بی فرید احمد، ڈائریکٹر ھائر ایجوکیشن پروفیسر محمد عالم، ایڈیشنل ڈائریکٹر  پروفیسر محمد بلال، ڈپٹی سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شمس الدین، جی بی سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر شاہ محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر/فوکل پرسن ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اشتیاق احمد یاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جی بی اسپورٹس بورڈ/فوکل پرسن جی اسپورٹس بورڈ عصمت علی چنگیزی اور جی بی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منصور ولی نے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، گلگت، سکردو اور چلاس کالجز میں ٹیم انتظامیہ اور گراؤنڈ ورکرز میں انعامات، سرٹیفیکیٹس، سوینئیرز اور ٹرافیاں تقسیم کئے۔
گورنمنٹ کالج سکردو کی فاتح ٹیم *بلتستان K2* نے مہمان خصوصی سے وننگ ٹرافی حاصل کرنے کے بعد خوب ہلہ گلہ کیا۔
اس میگا اور تاریخی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے حکومتِ گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، سیکریٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان نجیب عالم، سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان عثمان احمد،  سیکریٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان فرید احمد، سیکریٹری ٹورازم، اسپورٹس اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان ضمیر عباس، فوکل پرسنز، اشتیاق احمد یاد اور عصمت علی چنگیزی اور تمام منتظمین سمیت صحافیوں کی کاوشوں اور کھلاڑیوں کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا۔ 
(تحریر: مفتی احتشام گل، اسسٹنٹ پروفیسر)