06/10/2025
قاضی نثار احمد پر حملہ اور جج کی گاڑی پر فائرنگ قابلِ مذمت ہیں، ملوث عناصر کو سزا دی جائے صدر انجمن امامیہ بلتستان
عوام دشمن سازشوں سے ہوشیار رہیں اور اتحاد برقرار رکھیں انجمن امامیہ بلتستان کی اپیل
صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی نے گلگت شہر میں ایک ہی دن پیش آنے والے دو افسوسناک اور تشویشناک واقعات معروف اہلسنت عالمِ دین قاضی نثار احمد پر کونوداس میں حملہ اور چیف کورٹ کے جج ملک عنایت الرحمٰن کی گاڑی پر کشروٹ اسپتال کے قریب فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعات گلگت بلتستان کے پرامن اور ہم آہنگ معاشرتی ماحول کو نقصان پہنچانے اور عوام میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہیں۔ یہ کارروائیاں دراصل علاقے کے امن و استحکام پر حملہ اور اندرونی و بیرونی شرپسند عناصر کی منظم کوششوں کا حصہ ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انجمن امامیہ بلتستان نے حکومتِ وقت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان حملوں میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے امن دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
آخر میں انجمن امامیہ بلتستان نے عوام الناس سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دشمن کی سازشوں سے باخبر رہیں، اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں، افواہوں سے اجتناب کریں، اور علاقے کے امن و استحکام کے قیام میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔
#ایڈمن
#آغاسیدباقرالحسینی