
21/06/2025
پھنڈر —اک خاموش جنت
پہاڑوں کی آغوش میں چھپی ایک وادی ہے، جسے دنیا پھنڈر کہتی ہے،
لیکن جو ایک بار یہاں آئے، وہ اسے اپنا خواب کہتا ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں واقع یہ خوبصورت وادی
یوں لگتی ہے جیسے قدرت نے کچھ لمحوں کے لیے گہری سانس لے رکھی ہو،
اور اس سؙکوت میں پھنڈر جیسا حسن تخلیق ہوا ہو۔
یہاں کی جھیل نیلگوں آئینہ ہے،
جس میں آسمان جھک کر خود کو دیکھتا، پرکھتا ہے۔
اور دریا خاموشی سے بہتا ہے، جیسے کوئی پرانا صوفی درویش جو زمانے کی ہلچل سے بہت دور، سکون کی گہرائیوں میں کھو گیا ہو۔
یہاں کی ہوائیں خوشبو سے زیادہ، احساس رکھتی ہیں —
ٹھنڈی، نرم، اور دل کو تھپکنے والی۔
اور یہاں کے مکین…
سادہ، مہمان نواز، اور محبت کے علمبردار۔
ان کی زبان میں شیرینی ہے،
اور آنکھوں میں وہ سچائی، جو شہروں میں کھو چکی ہے۔
یہاں کی زندگی سادہ ہے، لیکن ہر لمحہ مکمل۔
صبح سورج کی کرنوں کے ساتھ جاگتی ہے،
اور راتیں ستاروں سے کہانیاں کہتی ہیں۔
پھنڈر نہ صرف ایک وادی ہے، بلکہ ایک احساس ہے —
ایسا احساس، جو آپ کے دل میں اُتر جائے،
اور واپس آ کر بھی وہیں کہیں دل میں رہ جائے۔
ذاکر حؙسین