17/12/2025
اولڈ کیمپس IIUI میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام دو روزہ فہم قرآن کلاس
تحریر: عبدالستار مغیری
اولڈ کیمپس انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام دو روزہ فہم قرآن کلاس کا انعقاد کیا گیا جو روحانیت فکری بالیدگی اور دینی شعور کے حوالے سے ایک بابرکت اور یادگار اجتماع ثابت ہوا سیشن کے پہلے روز جامعہ کے مہتمم برادر توصیف احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اپنی درخشاں روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فہم قرآن جیسے بامقصد پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے جس پر اولڈ کیمپس کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے انہوں نے جامعہ کے تمام طلبہ و طالبات کو دعوت دی کہ وہ اس بابرکت محفل میں شرکت کر کے قرآن فہمی سے اپنے دل و دماغ کو منور کریں سیشن کے پہلے روز مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے ’’نبی کریم ﷺ بحیثیت داعیِ اعظم‘‘ کے موضوع پر جامع فکرانگیز اور دلوں کو گرما دینے والا خطاب کیا انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین اسلام کی دعوت کے لیے بے شمار مشکلات اذیتوں اور قربانیوں کا سامنا کیا آج ہمیں جو دین آسانی سے میسر ہے یہ صدیوں کی قربانیوں صبر اور استقامت کا ثمر ہے ڈاکٹر طارق سلیم نے فتح مکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب نبی کریم ﷺ کو مکمل اقتدار حاصل ہوا تو آپ ﷺ نے انتقام کے بجائے عفو و درگزر کا راستہ اختیار کیا اور اپنے بدترین دشمنوں کو بھی معاف کر دیا یہ وہ عظیم کردار ہے جو نبی کریم ﷺ کو داعی اعظم بناتا ہے جہاں دعوت کا اسلوب محبت حکمت اور اعلیٰ اخلاق پر مبنی نظر آتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی دعوت محض الفاظ تک محدود نہ تھی بلکہ عملی نمونہ تھی آپ ﷺ نے اپنے کردار معاملات اور طرز زندگی سے دین کو نافذ کر کے دکھایا یہی وجہ ہے کہ اسلام دلوں میں اترا اور ایک عالمگیر انقلاب کی صورت اختیار کر گیا ڈاکٹر طارق نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت داعیانہ جدوجہد کا مکمل نصاب ہے جس سے رہنمائی حاصل کر کے آج کے نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں اگر ہم واقعی نبی کریم ﷺ کو اپنا رہنما مانتے ہیں تو ہمیں ان کے اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنا ہوگا فہم قرآن کا یہ دو روزہ اجتماع نہ صرف دینی شعور بیدار کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوان نسل کو نبی کریم ﷺ کے مشن دعوت سے جوڑنے کی ایک سنجیدہ کوشش بھی ہے ایسی محافل یقیناً معاشرے میں فکری انقلاب کی بنیاد رکھتی ہیں اور اسلامی جمعیت طلبہ کا یہ کردار لائق تحسین ہے