30/10/2025
سوریج و میٹلنگ ٹھیکیدار اور محکمہ واسا کی نااہلی کی وجہ سے امین آباد کی سڑک موہن جو دڑو کے کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے,امین آباد یوتھ صدر طارق زبیر
گلگت(پ ر)امین آباد یوتھ کے صدر طارق زبیر کا کہنا ہے کہ سوریج و میٹلنگ ٹھیکیدار اور محکمہ واسا کی نااہلی کی وجہ سے امین آباد کی سڑک موہن جو دڑو کے کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے،جسکی وجہ سے اہل محلہ شدید اذیت کا شکار ہیں۔امین آباد کی سڑک پر میٹلنگ کا کام جلد مکمل کیا جائے ورنہ امین آباد یوتھ شاہراہ قائد اعظم کو بلاک کرکے احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔امین آباد یوتھ کے صدر طارق زبیر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امین آباد کی سڑک محکمہ واسا اور سوریج و میٹلنگ ٹھیکیدار کے ناقص کاموں کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔محکمہ واسا کی نااہلی کی وجہ سے سڑک پر جگہ جگہ پائپ لائنیں پھٹنے سے سڑک پر پانی دریا کی طرح بہنے سے سڑک کی حالت مذید خراب ہوئی ہے۔سوریج کے کام کے دوران سڑک پر پڑنے والے گھڑوں کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔سڑک پر میٹلنگ کے ٹھیکدار نے جگہ جگہ سنگ ریزوں کے ڈھیر لگا کر خود غائب ہے جسکی وجہ سے سڑک تنگ ہونے سے سڑک پر دو گاڑیوں کا گزرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔۔صدر طارق زبیر کا کہنا ہے کہ روڈ پر پڑی مٹی سے اڑنے والی دھول سے بھی اہل محلہ کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔امین آباد یوتھ کےصدر طارق زبیر کا کہنا ہے کہ پچھلے دو سالوں سے امین آباد کے عوام کو سڑک میٹلنگ کے نام پر بیوقوف بنایا جارہا ہے۔کئی بار امین آباد یوتھ نے اس سلسلے میں محکمہ واسا اور میٹلنگ کے ٹھکیدار سے بات کی لیکن وہ بات کو آج اور کل پر ٹالتے رہے۔امین آباد سے گزرنے والی سڑک ایک اہم سڑک ہے جو اپر جوٹیال اور لور جوٹیال ملاتی ہے اس سڑک پرکئی اہم دفاتر ہونے کے باوجود سڑک کو اس طرح خستہ حال بناکر چھوڑنا سمجھ سے بالاتر ہے۔۔امین آباد یوتھ کے صدر طارق زبیر نے متعلقہ اداروں سے اپیل کیا ہے کہ وہ ٹھیکیدار کو جلدازجلد روڈ میٹل کرانے کا پابند بنائیں بصورت دیگر وہ امین آباد کی یوتھ کو لے شاہراہ قائد اعظم پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔۔