03/01/2026
پرامن احتجاج پر طلبہ رہنماؤں کی گرفتاری، عوامی ورکرز پارٹی کی شدید مذمت اور فوری رہائی کا مطالبہ
پریس ریلیز
عوامی ورکرز پارٹی، گلگت بلتستان
پرامن احتجاج کے دوران گلگت بلتستان کے طلبہ رہنماؤں کی گرفتاری کی عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ پارٹی گرفتار شدہ طلبہ رہنماؤں، اظفر جمشید چیئرمین یو ایم جی بی، سمیت تمام افراد کی فوری اور بلاشرط رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنماؤں کامریڈ باباجان، شیر نادر شاہی، ظہور الٰہی، رضوان بیگ، اکرام جمال، واجد بیگ، انجینئر اخونزادہ، راجہ شاکر، آصف سخی اور دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پرامن اور آئینی حقِ احتجاج کو طاقت کے ذریعے کچلنا ریاستی جبر کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ رہنماؤں کی گرفتاری دراصل عوام سے احتجاج کا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان پہلے ہی بنیادی حقوق، روزگار، تعلیم اور سیاسی اختیار سے محروم ہیں، اور ایسے میں ان کی جائز آواز کو دبانا حالات کو مزید خراب کرنے کا سبب بنے گا۔ پارٹی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ جبر و تشدد کے ذریعے عوامی تحریکوں کو روکا نہیں جا سکتا۔
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان ایک بار پھر مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار طلبہ رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے اور پرامن سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں ختم کی جائیں۔
آخر میں عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان نوجوانوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس فرسودہ، استحصالی نظام کے خاتمے اور ایک منصفانہ، برابری پر مبنی سماج کے قیام کے لیے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد میں عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کا حصہ بنیں اور منظم جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کریں۔
جاری کردہ:
عوامی ورکرز پارٹی، گلگت بلتستان