31/07/2026
گلگت پریس ریلیز
اکنامک ٹرانسفارمیشن انیشی ایٹو گلگت بلتستان (ETI-GB) نے آج وزیر منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان، جناب سید جلال علی شاہ صاحب کو پروگرام کی پیش رفت اور آئندہ حکمتِ عملی پر جامع بریفنگ دی۔میٹنگ کے آغاز میں پروگرام کوآرڈینیٹر ETI-GB، جناب خادم حسین سلیم نے معزز وزیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں پروگرام کوآرڈینیٹر نے ETI-GB کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے پروگرام کے مقاصد، اہداف، جغرافیائی دائرۂ کار، مالیاتی ڈھانچے، نفاذ کے طریقۂ کار اور 2015ء میں پروگرام کے آغاز سے اب تک حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں اور اہم سنگ میلوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے ETI-GB کو حکومتِ گلگت بلتستان کا ایک اہم ترقیاتی پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈیولپمنٹ (IFAD) اور اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون (AICS) کے تعاون سے دیہی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت، ترقیاتی شراکت داروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پروگرام پر عمل درآمد کو مزید بہتر بنانے اور دیہی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔میٹنگ کے دوران متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جن میں ETI-GB کے تحت قائم ویلیج ایگریکلچر کوآپریٹو سوسائٹیز (VACs) کے ذریعے دیہی کسانوں کو منظم اور بااختیار بنانے، پروگرام کے تحت آباد کی جانے والی نئی زرعی اراضی کے لیے معیاری پودوں کی مستقل فراہمی یقینی بنانے کی غرض سے محکمہ زراعت گلگت بلتستان کی استعداد کار بڑھانے اور ان کی نرسریوں کو مزید مضبوط بنانے، اور زرعی شعبے میں جدید خدمات کی فراہمی جیسے موضوعات شامل تھے۔میٹنگ میں ETI-GB کی فنانس تک رسائی (Access to Finance) اسکیم کو بھی سراہا گیا، جس کے ذریعے مختصر عرصے میں تقریباً 5,000 دیہی کسانوں کو مائیکرو فنانس سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جس سے زرعی پیداوار اور دیہی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔ میٹنگ کے اختتام پر وزیر منصوبہ بندی و ترقی، جناب سید جلال علی شاہ نے ETI-GB کی انتظامیہ کو پروگرام کے مؤثر اور بروقت نفاذ کے لیے حکومتِ گلگت بلتستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں پائیدار زرعی و معاشی ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔