15/10/2025
دنیور: اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ، دو اسٹورز سیل، ایک پر جرمانہ
دنیور ( ) اسسٹنٹ کمشنر دنیور کیپٹن (ر) محمد عامر تحسین کی سربراہی میں ڈرگ انسپکٹر محمد شریف، میونسپل مجسٹریٹ ارشاد حسین اور دیگر عملے نے سب ڈویژن دنیور کے مختلف بازاروں میں واقع میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا۔
اس معائنے کا مقصد ادویات کی فروخت، اسٹورز میں صفائی کے معیار، میعاد ختم شدہ ادویات ، رجسٹریشن اور لائسنس کی تجدید کے عمل کے ساتھ ساتھ حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا تھا۔
دورانِ معائنہ بعض میڈیکل اسٹورز پر سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں جن میں میعاد ختم شدہ ادویات کی فروخت، غیر رجسٹرڈ فارماسسٹ کے بغیر دکانوں کا چلایا جانا، درجہ حرارت کے مناسب انتظامات کی کمی اور صفائی و اسٹوریج کے ناقص انتظامات شامل تھے۔
انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے دو میڈیکل اسٹورز کو موقع پر سیل کر دیا جبکہ ایک اسٹور پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دنیور کیپٹن (ر) محمد عامر تحسین نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام میڈیکل اسٹورز مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے لائسنس اور رجسٹریشن کی تجدید بروقت کرائیں، ادویات کو درجہ حرارت کے مطابق محفوظ رکھیں، فارماسسٹ کی موجودگی یقینی بنائیں اور مریضوں کو محفوظ، مستند اور معیاری ادویات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ آئندہ بھی ایسے اچانک معائنے جاری رکھے گی تاکہ عوام کو غیر معیاری اور مضرِ صحت ادویات سے محفوظ رکھا جا سکے۔