
18/09/2025
ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں بجلی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں 1.5 میگاواٹ ہائیڈرل منصوبے کی توسیع اور مرمت کا کام کافی عرصہ سے شدید تاخیر کا شکار ہے۔ منصوبے کی ذمہ داری محکمہ تعمیرات ہنزہ کے سپرد ہے مگر مقامی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں کے مطابق بدعنوانی اور افسران کی غفلت کے باعث ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں۔
سابق صدر پیپلز پارٹی ہنزہ و امیدوار حلقہ 6 ظہور کریم ایڈووکیٹ نے کہا کہ سیکریٹری واٹر اینڈ پاور اور ضلعی انتظامیہ خرگوش کی نیند سو رہے ہیں جبکہ عوام اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس محکمہ برقیات اور اعلیٰ حکام نے منصوبے کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کرائی تھی مگر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر منصوبے پر پیش رفت نہ ہوئی تو ہنزہ کی تمام سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران عوام کے ساتھ مل کر شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ ظہور کریم نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔