11/10/2025
وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان کو ان کے 54 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنی حکومت گلگت بلتستان اور عوام کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان نے اپنے عظیم والد، ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان چہارم کی قیادت اور رہنمائی میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے انسانی خدمت کے مشن کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق اسے مزید وسعت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہنر ہائنس پرنس رحیم آغا خان کی فلاحی خدمات نہ صرف عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں بلکہ پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ان کی خدمات انتہائی قابلِ قدر ہیں۔ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تحت گلگت بلتستان میں تعلیمی اداروں، صحت عامہ، صاف پانی، زراعت، ماحولیات، مواصلات اور خواتین کی ترقی کے متعدد منصوبے جاری ہیں، جنہوں نے خطے کی سماجی و معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کہا کہ گلگت بلتستان جیسے دور دراز اور دشوار گزار خطے میں آغا خان ہیلتھ سروسز، آغا خان ایجوکیشن سروسز، آغا خان رورل سپورٹ پروگرام اور آغا خان فاؤنڈیشن جیسے اداروں نے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں وہ کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ تعلیم کے فروغ کے لیے قائم آغا خان اسکولز، ہسپتالوں اور کلینکس کا جال عوام کو جدید سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان کی ذاتی دلچسپی کے باعث نو جوانوں کے لیے جدید تعلیمی مواقع پیدا ہوئے ہیں اور خواتین کو ترقی کے میدان میں شمولیت کے زیادہ مواقع ملے ہیں، جس سے گلگت بلتستان کی معاشرتی ساخت میں مثبت تبدیلیاں آئیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان کی خدمات دراصل انسانیت، امن، رواداری اور ترقی کے فروغ کی علامت ہیں۔ ان کے وژن کے تحت آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ادارے دنیا بھر میں خصوصاً ترقی پذیر علاقوں میں غربت کے خاتمے، معیار زندگی کی بہتری اور پائیدار ترقی کے لیے شاندار کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان کو صحت، خوشحالی اور طویل عمر عطا فرمائے تا کہ وہ ہنر ہائنس پرنس کریم آغا خان کے وژن کے مطابق انسانیت کی خدمت اور ترقی کے اس عظیم مشن کو مزید کامیابی سے آگے بڑھاتے رہیں۔
Aga Khan Development Network Aga Khan University Institute for Educational Development, Pakistan