15/12/2025
کھلا خط برائے عوامِ گلگت بلتستان
میرے گلگت بلتستان کے باشعور عوام!
گلگت بلتستان ایک وقت تھا جب امن پسند لوگوں کی سرزمین کہلاتی تھی۔ یہ وہ خطہ تھا جہاں بھائی چارہ، برداشت اور باہمی احترام ہماری پہچان تھے۔ آج مگر حالات ہم سب کے سامنے ہیں، اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم خود سے سوال کریں: ہم کس سمت جا رہے ہیں؟
آج ہماری اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ ہم مسلکی خ*ل سے آزاد ہو کر یکجا ہو جائیں۔ نفرت، تعصب اور تفرقہ نہ ہمیں آگے لے جا سکتا ہے اور نہ ہی ہماری آنے والی نسلوں کو کوئی روشن مستقبل دے سکتا ہے۔ آخر کب تک ہم ایک دوسرے کے خلاف زہر اگلتے رہیں گے؟ کب تک ہم اپنے ہی ہاتھوں اپنی سرزمین کے امن کو نقصان پہنچاتے رہیں گے؟
خدا را، اب بھی وقت ہے۔ وقت ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں، ایک دوسرے کو گلے لگائیں، اور اختلافات کے باوجود ایک قوم بن کر کھڑے ہوں۔ ہمارا دشمن ہماری کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتا ہے، اور ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد ہے۔
آئیں عہد کریں کہ ہم نفرت کے بجائے محبت، تفرقے کے بجائے وحدت، اور اندھیرے کے بجائے امن کا راستہ اختیار کریں گے۔ گلگت بلتستان ہم سب کا گھر ہے، اور اس گھر کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اللہ ہمیں حق بات کہنے، سننے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
خیر اندیش،
وزیر برہان علی