20/07/2025
پریس ریلیز
پولیس کی زیادتیوں پر صحافی برادری متحد انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد، پولیس کوریج کا بائیکاٹ جاری
ہری پور ()
ورکنگ جرنلسٹ گروپ کا اہم ہنگامی اجلاس صدر شاہد اختر اعوان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں حارث سواتی سمیت دیگر صحافیوں کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آر، انکوائری کمیٹی کی ناقص کارکردگی، اور پولیس کے متعصبانہ رویے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور آئی جی خیبرپختونخواہ نے اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا تو صحافی برادری ملکی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر آواز بلند کرے گی۔
چار دن گزرنے کے باوجود انکوائری کمیٹی کی خاموشی اور غیر فعالیت پر مکمل عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ ورکنگ جرنلسٹ گروپ آئندہ احکامات تک پولیس کی تمام سرگرمیوں کی کوریج کا بائیکاٹ جاری رکھے گا.
اس موقع پر جنرل سیکرٹری عصمت شاہ مشوانی نے کہا
پولیس کا رویہ جابرانہ ہے۔ ہم مجرم نہیں، صحافی ہیں۔ ہماری آواز دبانے کی کوشش ہو رہی ہے جس کے خلاف ہم ہر فورم پر جائیں گے۔
اجلاس میں سینئر صحافیوں اور دیگر گروپوں نے بھی اظہارِ یکجہتی کیا۔
سینئر صحافی اور آصف اعوان عباسی گروپ نے مشترکہ بیان میں کہا
ہم صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ صرف حارث سواتی کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر سچے صحافی کی آواز کا گلا گھونٹنے کی کوشش ہے۔ ہم کسی بھی صورت پولیس کی زیادتیوں پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
اسی طرح ابرار حیدر درویش میں گروپ نے بھی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا
> ہم نے ہر موقع پر پولیس کو عزت دی، ان کی کوریج کی، لیکن آج وہی پولیس صحافیوں کی تذلیل کر رہی ہے۔ یہ رویہ انتہائی قابلِ مذمت ہے اور ہم اس کے خلاف ہر قانونی اور آئینی راستہ اختیار کریں گے۔
صدر شاہد اختر اعوان نے کہا
ہری پور میں صحافیوں کی بے اتفاقی اس طرح کی ناانصافیوں کی بنیاد بن رہی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ تمام صحافی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اس جبر کا مقابلہ کریں.
اجلاس کے اختتام پر صحافی برادری نے اعلان کیا کہ یہ جدوجہد صرف ایک شخص کی نہیں بلکہ آزادی صحافت کی بقا اور عزت کی جنگ ہے، اور اس میں کسی بھی دباؤ کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔