01/09/2026
روزنامہ حیات آباد ٹائمز نیوز
خیبرپختونخوا، بالخصوص پشاور کے شہریوں کے لیے خوشخبری
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا خصوصی پیغام
پشاور سے کوئٹہ اور پشاور سے لاہور کے لیے ساؤتھ ایئر ویز کو آپریشن کی اجازت مل گئی، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایئر ویز کو پشاور، کوئٹہ اور پشاور، لاہور کے درمیان فضائی آپریشن شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
انہوں نے صوبے کے عوام کے لیے نئے فضائی روٹس کی منظوری پر پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ سے کوئٹہ اور لاہور کے لیے پروازوں کے آغاز کے سلسلے میں ان کی درخواست پر تعاون کرنے پر ساؤتھ ایئر ویز کے بھی مشکور ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال ایئرپورٹس سے بھی جلد پروازوں کا آغاز ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق ساؤتھ ایئر ویز نے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے نئے جہازوں کے ذریعے جلد فضائی آپریشن شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ اقدام خیبرپختونخوا کے شہریوں کے لیے فضائی سفری سہولیات میں بہتری اور نئے فضائی رابطوں کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے