
22/07/2025
جنوبی وزیرستان: اعظم ورسک میں قبائلی رہنما کے رشتہ دار کے اغواء کی کوشش ناکام، دو دہشتگرد ہلاک
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں دہشتگردوں کی جانب سے معروف قبائلی شخصیت ملک سردار علی وزیر کے چچازاد بھائی حاجی شریف سلورخیل کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
واقعہ اعظم ورسک پولیس تھانے کی حدود درابلے میں پیش آیا۔
حملے کے دوران اہلِ خانہ نے بھرپور اور بہادرانہ مزاحمت کی جس کے نتیجے میں دو حملہ آور ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، جبکہ اغواء کی کوشش ناکام ہو گئی۔
پولیس ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے۔
واقعے کے فوری بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، تاہم وزیر کرے خیل قبیلے کے سینکڑوں افراد پر مشتمل قومی لشکر نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔
ملک سردار علی وزیر نے ایک واٹس ایپ آڈیو پیغام میں کہا کہ قومی لشکر پوری طرح متحرک ہے، اور ہم نے علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اگر دوبارہ کسی نے حملے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ہم نے نہ کسی سے دشمنی کی ہے، نہ کسی کے معاملات میں مداخلت، مگر اگر کوئی پھر بھی حملہ کرے گا تو ہم غیرت سے آخری دم تک دفاع کریں گے۔
انہوں نے عوام سے اسلحے کی فراہمی میں تعاون کی اپیل بھی کی تاکہ دفاع کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
فی الحال علاقے میں حالات قابو میں بتائے جا رہے ہیں، تاہم فضا میں کشیدگی اب بھی برقرار ہے۔ مقامی عمائدین اور قبائلی مشران نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ ملک سردار علی وزیر نہ صرف ایک ممتاز قبائلی رہنما بلکہ کاروباری شخصیت اور تاجر یونین کے صدر بھی ہیں۔
#برمل
#دہشتگردی
#پاکستان