
25/07/2025
ڈی آئی خان: برگیڈیئر ڈاکٹر امتیاز ملک کا تریمن چیک پوسٹ کا اہم دورہ، پنجاب رینجرز و پولیس کو خراجِ تحسین
*از طرف امیر حمزہ سلیمان خیل*
ڈی آئی خان: مقامی بریگیڈ کمانڈر برگیڈیئر ڈاکٹر امتیاز ملک نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی سرحد پر واقع حساس تریمن چیک پوسٹ کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پنجاب رینجرز کے ونگ کمانڈر سبطین اور ڈی جی خان پولیس کے نمائندے سے ملاقات کی، جس میں سرحدی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
دورے کا بنیادی مقصد ان علاقوں میں موجود شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ حکمت عملی طے کرنا اور سکیورٹی اداروں کی شاندار کارکردگی کو سراہنا تھا۔ واضح رہے کہ سال 2025 کے آغاز سے اب تک پنجاب رینجرز اور ڈی جی خان پولیس نے خیبرپختونخوا و پنجاب کے سنگم پر مشترکہ کارروائیوں کے دوران 10 سے زائد خطرناک شرپسندوں کو ہلاک کیا، جن کے تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
برگیڈیئر ڈاکٹر امتیاز ملک نے اس کامیاب سیکیورٹی تعاون پر پنجاب رینجرز اور پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ عزم دہشت گردی کے خلاف ایک فولادی دیوار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی جذبہ، یکجہتی اور مستقل مزاجی ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ دورہ نہ صرف بین الصوبائی تعاون کی عمدہ مثال ہے بلکہ ریاستی اداروں کی جانب سے امن و امان کے قیام کے عزم کا واضح اظہار بھی ہے۔