06/08/2026
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، مون سون صورتحال اور ہنگامی تیاریوں کا جائزہ
پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے تناظر میں آفات سے نمٹنے کے انتظامات اور قومی سطح پر جاری تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے نظام اور "ڈیزاسٹر لینز 2026" کے ذریعے مون سون کی صورتحال، ممکنہ خطرات اور بروقت ردِعمل کے نظام سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آفات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی، بروقت اقدامات اور مؤثر رابطے کے ذریعے انسانی جانوں اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قدرتی آفات کے دوران امدادی، ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گی تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔