15/10/2025
شمالی وزیرستان میں صحافیوں کو بہترین خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا
ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان کی جانب سے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحصیلدار غنی وزیر نے نمایاں صحافتی خدمات پر صحافیوں کو ایوارڈز سے نوازا۔
تقریب کے دوران تحصیلدار غنی وزیر نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، جو نہ صرف مسائل کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ترقی، اصلاحات اور عوامی آواز کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمالی وزیرستان جیسے حساس علاقے میں صحافیوں کا ذمہ دارانہ کردار قابلِ تعریف ہے، جو تمام تر مشکلات کے باوجود عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔ صحافی شاکر خان نے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی انتظامیہ اور میڈیا کے درمیان تعاون اور اعتماد کا رشتہ قائم رہے گا۔