
21/07/2025
افغان پناہ گزین گزشتہ پانچ دہائیوں میں پاکستان میں بنائے گئے اپنے قیمتی اثاثے جلد بازی میں کوڑیوں کے بھاؤ بیچنے کے خدشے میں مبتلا ہیں، کیونکہ ان کے شناختی کارڈ (پی او آر) کی میعاد 30 جون 2025 کو ختم ہو چکی ہے۔ حکومت تاحال ان کارڈز کی توسیع یا نئی ویزا پالیسی پر حتمی فیصلہ نہیں کر سکی، تاہم دو آپشنز زیر غور ہیں: عارضی توسیع یا طویل مدتی ویزا۔
نومبر 2023 میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے حکومتی فیصلے کے بعد اب تک 13 لاکھ افغان واپس بھیجے جا چکے ہیں، جبکہ 16 لاکھ اب بھی پاکستان میں موجود ہیں، جن میں سے 10 لاکھ کے پاس پی او آر کارڈ ہیں۔ حکومت نئی ویزا پالیسی پر کام کر رہی ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرے گی، جس سے افغان بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ادھر “بیونڈ باؤنڈریز” نامی ایک تنظیم افغان مسئلے کے مستقل حل کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ پناہ گزین اپنی محنت سے بنائے گئے اثاثے ضائع نہ کریں اور مقامی معیشت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ پشاور میں صرف دوستوخیل قبیلے کے اثاثے 52 ارب روپے کے قریب بتائے گئے ہیں۔