
19/07/2025
واشنگٹن/اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ریپبلکن اراکینِ کانگریس سے خطاب کے دوران ایک سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران ان کے اندازے کے مطابق 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صورتحال انتہائی سنگین ہوتی جا رہی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنے کا خدشہ تھا، جسے ان کی بروقت مداخلت سے روکا گیا۔ اگرچہ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ طیارے کس نے مار گرائے، تاہم ان کے بیان نے پاکستان کے اس دعوے کو تقویت دی ہے کہ اس نے بھارتی فضائیہ کے طیارے تباہ کیے تھے۔ یہ تنازعہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے سے شروع ہوا تھا، جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر عائد کیا جبکہ پاکستان نے اسے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔ صدر ٹرمپ نے 10 مئی کو دونوں ممالک کے رہنماؤں سے بات چیت کے بعد جنگ بندی کروائی اور متنبہ کیا تھا کہ اگر جنگ نہ رکی تو امریکا تجارت ختم کر دے گا۔ اس موقع پر انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بھی کی، جس کا پاکستان نے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کے لیے اہم قدم قرار دیا۔