
05/02/2025
یومِ یکجہتی کشمیر
ملک بھر میں انسانی زنجیروں اور تقریبات کا انعقاد
تفصیلات(کوٹلی سوہلناں ڈیجیٹل) آج 5 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں، جلسے، سیمینارز، اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دن کا آغاز صبح 9 بجے ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا، جس کا مقصد کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کنٹرول لائن کے قریب وادی لیپہ سمیت آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں انسانی زنجیر بنائی جا رہی ہے۔
انسانی زنجیر بھارتی چوکیوں کے سامنے بنائی گئی ہے، جس کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی عوام آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور دونوں یک جان ہیں۔
اس موقع پر عوام کے جوش و جذبے کو مزید بڑھانے کے لیے ملی نغمے اور تقاریر بھی کی جا رہی ہیں۔
تحصیل چڑہوئی کے مختلف اسکولوں میں خصوصی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جن میں مقررین کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
طلبہ کی جانب سے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے جا رہے ہیں جو حاضرین کے جذبات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی انسانی زنجیروں اور ریلیوں کے ذریعے کشمیری عوام کی حمایت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے مقامات جیسے کہ کوہالہ، ہولاڑ، برار کوٹ، ڈھلکوٹ، آزاد پتن، دھان گلی، اور منگلا پر بھی انسانی زنجیریں بنائی جا رہی ہیں۔
ان مظاہروں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے جو کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹیز بھی اس دن کو بھرپور طریقے سے منا رہی ہیں۔ نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اس تقریب میں جموں و کشمیر تنازعہ کی تاریخی اور قانونی حیثیت پر روشنی ڈالی گئی۔