09/03/2026
گومل ایلومنائی گیدرنگ اور عید ملن پارٹی کے انعقاد کی تیاریاں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — گومل یونیورسٹی کے سابقہ اور موجودہ طلبہ کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے اور پرانی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے عید کے موقع پر ایک گرینڈ گومل ایلومنائی گیدرنگ اور عید ملن پارٹی کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں گومل ایلومنائی کے ایک وفد نے صدر خٹک ویلفیئر آرگنائزیشن اسلام آباد اور سی ای او سعید انٹرنیشنل ہسپتال جی-11 اسلام آباد، سینئر موسٹ گوملین ڈاکٹر محمد نعمان سعید خٹک سے ملاقات کی۔ وفد میں عاقب حیات خٹک (فارماسسٹ) اور عمیر خٹک (فارماسسٹ) شامل تھے، جنہوں نے گومل ایلومنائی گیدرنگ کے انتظامات اور پروگرام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد نعمان سعید خٹک نے گومل یونیورسٹی کے سینئر اور جونیئر طلبہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے تمام سابقہ اور موجودہ طلبہ ایک خاندان کی مانند ہیں اور ان کی خدمت و رہنمائی کے لیے وہ ہر وقت حاضر ہیں۔
ڈاکٹر نعمان سعید خٹک نے پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے مفید تجاویز بھی پیش کیں اور اس میگا ایونٹ کے لیے خصوصی مالی تعاون (ڈونیشن) کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر گوملین وفد نے ڈاکٹر صاحب کی مہمان نوازی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
گومل ایلومنائی گیدرنگ کے انتظامات میں عاقب حیات خٹک اور عمیر خٹک بطور آرگنائزر اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اس میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
گومل ایلومنائی کی جانب سے تمام سینئرز اور جونیئرز کو کھلے دل سے دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس پروگرام میں شرکت کریں اور اس کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انتظامیہ کے مطابق جلد ہی پروگرام کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔