27/06/2025
دریائے سوات میں طغیانی، پکنک منانے والے خاندان کے نو افراد ڈوب گئے
حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے، اب تک نو لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور چار افراد بچا لیے گئے جبکہ چار لاپتا ہیں۔ حکام نے دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب کی تنبیہ کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے سربراہ شہزاد محبوب نے روئٹرز کو بتایا کہ متاثرہ خاندان دریائے سوات کے کنارے ناشتہ کر رہا تھا اور بچے دریا میں تصویریں بنا رہے تھے کہ اچانک ایک بڑا سیلابی ریلہ آ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرین میں بچے اور بڑے دونوں شامل ہیں، تاہم فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ ہلاک شدگان میں کتنے بچے اور کتنے بالغ شامل ہیں۔ اب تک نو لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا اور مزید چار افراد لاپتا ہیں۔
مقامی میئر شاہد علی خان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان کے رکن تھے، جو ایک سیاحتی دورے پر سوات آئے ہوئے تھے۔ ریسکیو اہلکار شاہ فہد کے مطابق مقامی افراد اور 80 سے زائد ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔