26/12/2025
آج کا دن چیئرمین صفت اللہ وزیر کے نام
تحریر : ارشاد انجم
آج کا دن بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن اور اس کے چیئرمین صفت اللہ وزیر کے لیے ایک اہم اور یادگار سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آج سے چار برس قبل انہوں نے ایک ایسے وقت میں، جب اجتماعی فلاح کے کام کم اور ذاتی مفادات زیادہ نظر آتے ہیں، اپنے علاقے کے پسماندہ اور محروم طبقات کی خدمت کے لیے ایک خالصتاً غیر منافع بخش ادارے بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔
بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کا قیام کسی تشہیر، سیاسی وابستگی یا ذاتی مفاد کے تحت نہیں بلکہ ایک سادہ مگر مضبوط نظریے کے ساتھ عمل میں آیا، عوام کی خدمت، بلا تفریق اور بلا امتیاز۔ یہی نظریہ آج اس تنظیم کی پہچان بن چکا ہے۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران اس ادارے نے جو فلاحی خدمات انجام دی ہیں، وہ علاقے کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
غریب اور مستحق خاندانوں کی مدد، تعلیمی سہولیات کے فروغ کی کوششیں، اور مشکل حالات میں عوام کے ساتھ عملی طور پر کھڑے ہونا، یہ وہ پہلو ہیں جنہوں نے بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کو عوام کا اعتماد دلایا۔ اس ادارے کی کارکردگی کسی اشتہار یا تشہیری مہم کی محتاج نہیں، کیونکہ اس کے اثرات خود بولتے ہیں اور اس کی خدمات ہر خاص و عام کے سامنے ہیں۔
چیئرمین صفت اللہ وزیر کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو ان کی مخلص قیادت ہے۔ نہ خودنمائی، نہ ذاتی مفادات اور نہ ہی کسی قسم کی غیر ضروری تشہیر ، یہ وہ اوصاف ہیں جو آج کے دور میں کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ان کا وژن واضح ہے: وزیرستان کے عوام کی محرومیوں میں کمی لانا اور انہیں ایک باوقار اور بہتر مستقبل کی امید دینا۔
یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ آج جب بیرونِ ملک مقیم بہت سے افراد اپنی توجہ صرف ذاتی دائرے تک محدود رکھتے ہیں، وہاں چیئرمین صفت اللہ وزیر کا پورے وزیرستان کے بارے میں سوچنا اور عملی اقدامات کرنا ایک مثبت مثال ہے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ اصل کامیابی دولت یا شہرت نہیں بلکہ عوامی خدمت اور اجتماعی بہتری میں پوشیدہ ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ چیئرمین صفت اللہ وزیر اور بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کی خدمات نہ صرف قابلِ ستائش ہیں بلکہ دیگر سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت، استقامت اور کامیابی عطا فرمائے اور یہ ادارہ اسی جذبے کے ساتھ علاقے کی خدمت کرتا رہے۔