01/01/2026
صوبائی مشیر اطلاعات شفیع اللہ جان کی اعلیٰ ظرفی جو دلوں میں نقش ہو گئی
آج کے مفاد پرست اور خود غرض دور میں اگر کوئی واقعہ انسانیت، احترام اور اخلاقی اقدار کی یاد دہانی بن جائے تو وہ محض ایک لمحہ نہیں بلکہ ایک مثال بن جاتا ہے۔ نوشہرہ پریس کلب کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں صوبائی مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا محترم شفیع اللہ جان صاحب کا طرزِ عمل بھی ایسا ہی ایک ناقابلِ فراموش لمحہ تھا۔
تقریب کے دوران جیسے ہی ان کی نظر نوشہرہ کے سینئر صحافی، بانی رپورٹر روزنامہ جنگ و دی نیوز جناب نثار احمد خان پر پڑی، انہوں نے بلا جھجک اپنی نشست چھوڑی، آگے بڑھ کر بزرگ صحافی کو گلے لگایا، ان کی خیریت دریافت کی اور احترام و محبت کا ایسا عملی مظاہرہ کیا جو آج کے سیاسی ماحول میں کم ہی دکھائی دیتا ہے۔ یوں محسوس ہوا جیسے برسوں کا تعلق ہو۔
محترم شفیع اللہ جان نے نہ صرف نثار احمد خان صاحب کے لیے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا بلکہ نوشہرہ پریس کلب کے صدر سے ان کی مکمل تفصیلات بھی طلب کیں۔ یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ محض عہدے کے نہیں بلکہ درد دل کے حامل انسان ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایسے لاتعداد معمر صحافی موجود ہیں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں حق کی آواز بلند کی، مگر آج وہ کرائے کے مکانات میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اگرچہ صوبائی حکومت کی جانب سے اولڈ ایج بینیفٹ فنڈ کا قیام ایک مثبت قدم ہے، تاہم زمینی سطح پر مزید عملی توجہ کی اشد ضرورت ہے۔
شفیع اللہ جان صاحب نے ثابت کیا کہ وہ پسے ہوئے طبقے، بالخصوص بزرگ صحافیوں کے حقیقی ترجمان ہیں۔ ان کے اس عمل نے نوشہرہ پریس کلب کے تمام ممبران کے دل جیت لیے۔
ہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محترم سہیل آفریدی صاحب، مشیر اطلاعات شفیع اللہ جان صاحب، میاں عمر کاکاخیل اور دیگر ممبران اسمبلی کے شکر گزار ہیں جو دردمند طبقات کی نمائندگی کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
یقیناً عہدے، دولت اور زندگی فانی ہیں، مگر ایسے اعمال تاریخ اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔