18/10/2025
افغانستان نے پاکستان سے تمام کرکٹ میچز منسوخ کر دیئے ۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ مجوزہ کرکٹ میچز منسوخ کرتے ہوئے نومبر میں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق اس سیریز میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کو شرکت کرنی تھی، جو رواں سال نومبر میں پاکستان میں شیڈول تھی۔ افغان بورڈ کی جانب سے اچانک دستبرداری کے فیصلے کو پاکستان مخالف رویے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جسے بعض حلقے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں کا تسلسل قرار دے رہے ہیں
واضح رہے کہ بھارت کی طرح افغانستان نے بھی حالیہ برسوں میں کئی مواقع پر پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات میں سرد مہری کا مظاہرہ کیا ہے۔ افغان بورڈ کی یہ تازہ ترین پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سفارتکاری میں جمود کی نشاندہی کرتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی سی بی اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے گا۔