01/09/2026
👇
سید علی شاہ گیلانی کی برسی، عقیدت و احترام سے منائی گئی
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام بزرگ کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی برسی کے موقع پر کشمیر ہاؤس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی، حریت اور سماجی رہنماؤں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں سراج الحق، سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، رشید ترابی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور سید علی شاہ گیلانی کی تحریکِ آزادیِ کشمیر کے لیے طویل جدوجہد اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں گزار دی۔ ان کا عزم، استقامت اور ثابت قدمی کشمیریوں کی تاریخ کا اہم باب ہے۔
مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کا پاکستان سے محبت اور وابستگی کا پیغام بھی ہمیشہ نمایاں رہا، جبکہ ان کا مشہور نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ آج بھی ان کے نظریے کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔
تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید علی شاہ گیلانی کی جدوجہد، نظریات اور قربانیوں کو نئی نسل تک پہنچایا جائے گا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی آواز کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔