07/03/2024
عورت کی سماجی حیثیت ہمیشہ سے مغلوب یا کمزور نہیں رہی بلکہ انسانی ارتقا کے ابتدائی سالوں میں مرد اور عورت میں کسی قسم کی سماجی و طبقاتی تفریق موجود نہیں تھی۔ انسان کا بنیادی تضاد فطرت سے تھا۔ موسم کی سختی اور خود سے طاقتور جانوروں سے محفوظ رہنے کے لیے انسان گروہوں کی صورت رہنا شروع ہوا۔ فطرت کے طاقتور ہونے کی وجہ سے انسان کا زیادہ وقت خوراک کی تلاش اور اپنی جان کی حفاظت میں صرف ہوتا رہا ہے۔ ایسے حالات میں انسانوں کے درمیان صنفی و طبقاتی تقسیم کی گنجائش موجود نہ تھی۔ اس لیئے وہ لوگ جو سماجی و طبقاتی تقسیم کو ازلی سمجھتے ہیں ۔ اسکی کوئی دلیل یا جوازیت کم از کم انسانی تاریخ سے نہیں ملتی۔ ہان امور کی تقسیم شروع دن سے رہی ہے ۔ عورتیں بچوں کی نگہداشت اور دیکھ بھال کے لیے الگ سے وقت صرف کرنے پر مجبور تھیں اور مردوں کا زیادہ تر وقت شکار اور دفاعی نوعیت کے امور سر انجام دینے پر وقف ہوتا تھا۔عورت کے ہاتھوں زرعات کی بنیادیں استوار ہوئیں۔ عورت کا گھر،زمین سے جڑت(زراعت) ، سماج ، بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزرنے کی وجہ سے عورت کی سماجی برتری کی بنیادیں استوار ہوئیں جوکہ بعد میں مادر سری سماج کو قائم رکھنے کی وجہ بنی۔ مادر سری سماج ہزاروں سال تک قائم رہا۔ (مادر سری سماج : ایسا سماج جہاں عورت کی حکومت تھی۔ زمین،وسائل و بچوں کی ملکیت عورت کے پاس تھی)۔
اس کائنات میں موجود کوئی بھی مظہر ازلی و ابدی نہیں ہے۔ کائنات میں کوئی بھی چیز دیکھ لیجیئے یہ تبدیل ہوئی ہے اور ہو رہی ہے۔ آپ کے رسم و رواج، مذہب، سیاست، شناخت، عقیدے گ...