
06/03/2025
ایبٹ آباد میں زمینداروں کے لیے خوشخبری، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان اور محکمہ زراعت کا مشترکہ اقدام
ایبٹ آباد: زراعت اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک مثبت قدم کے تحت ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر (WWF) پاکستان نے محکمہ زراعت ایبٹ آباد کے تعاون سے مقامی زمینداروں کو پھلدار پودے فراہم کیے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف مقامی سطح پر سبزہ بڑھانا بلکہ زمینداروں کی معاشی بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر WWF پاکستان کے سائیٹ انچارج حمزہ نصیر، فواد احمد، محسن کمال جبکہ محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر ملک اعجاز، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہیر قریشی، مسعود تنولی، فہیم جدون سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ مقامی زمینداروں کو یہ پودے حوالے کیے گئے تاکہ وہ اپنے کھیتوں اور زمینوں میں ان کی شجرکاری کر سکیں۔
ماحولیاتی تحفظ اور زمینداروں کی ترقی
اس موقع پر حمزہ نصیر نے کہا کہ WWF پاکستان کا یہ منصوبہ پانی کے مسائل حل کرنے، درختوں کی اہمیت اجاگر کرنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور زمینداروں کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلیات کے مختلف علاقوں جیسے نملی میرا اور بکوٹ میں مقامی زمینداروں کو محکمہ زراعت کے تعاون سے یہ پودے فراہم کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہاں کی آب و ہوا اور زمین کے مطابق زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
محکمہ زراعت ایبٹ آباد کے ڈائریکٹر ملک اعجاز نے کہا کہ WWF پاکستان نے محکمہ زراعت کے ساتھ مشاورت کے بعد ان علاقوں کا انتخاب کیا جہاں یہ پھلدار باغات زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ پودے WWF کی فنڈنگ سے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ زمینداروں کو بغیر کسی مالی بوجھ کے فروٹ فارمنگ کے مواقع مل سکیں۔
مقامی زمینداروں کی رائے
چئیرمین ویلج کونسل بکوٹ حسام جمشید عباسی نے WWF پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام زمینداروں کے لیے ایک مثبت تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شخص اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے اور انہیں صدقہ جاریہ سمجھ کر ان کی دیکھ بھال کرے، کیونکہ آج لگائے گئے درختوں کا فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوگا۔
یہ منصوبہ پورے ضلع ایبٹ آباد میں زمینداروں کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ پھلدار درخت لگا کر اپنی زمین کی پیداوار بڑھائیں، اپنی آمدنی میں اضافہ کریں اور ماحولیاتی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔