06/06/2026
ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے زیرِ اہتمام فخرِ ہزارہ سمٹ 2026کی شاندار تقریب منعقد
ایبٹ آباد:
ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے زیرِ اہتمام جلال بابا آڈیٹوریم میں “فخرِ ہزارہ سمٹ 2026” کی ایک شاندار، پروقار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہزارہ ریجن سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت، محنتی اور قابلِ فخر افراد کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر “فخرِ ہزارہ ایوارڈز” سے نوازا گیا۔
یہ عظیم الشان تقریب نہ صرف ہزارہ کی ثقافت، صلاحیتوں، نوجوان ٹیلنٹ اور مثبت پہلوؤں کی عکاس بنی بلکہ اس نے پورے خطے کے روشن، باوقار اور باصلاحیت چہرے کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں ادب، ثقافت، سیاحت، صحافت، کھیل، سماجی خدمات، کاروبار، تعلیم، سوشل میڈیا، انٹرپرینیورشپ اور دیگر مختلف شعبہ جات میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ان افراد نے اپنی انتھک محنت، صلاحیت، وژن اور جدوجہد کے ذریعے نہ صرف اپنی منفرد پہچان بنائی بلکہ ہزارہ ریجن کا نام ملکی و بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹر اعظم خان سواتی تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں ہزارہ کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے فخرِ ہزارہ ایوارڈز جیسی مثبت، تعمیری اور حوصلہ افزا سرگرمی کے انعقاد پر ینگ لیڈرز پارلیمنٹ، منتظمین اور پوری انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوان نسل کو آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتوں کو منوانے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
تقریب میں دیگر معزز مہمانوں میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر فیصل نوروز، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ایبٹ آباد میڈم بشریٰ مسرور، ایم این اے شہزادہ گشتاسب کے صاحبزادے عبداللہ ہارون، صدر ینگ لیڈرز پارلیمنٹ نوید احمد خان، نائب صدر سمیع اللّٰہ مہمند اور ہزارہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ کرام، معروف سیاسی و سماجی شخصیات، کاروباری افراد، شعرا، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، انٹرپرینیورز اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بانی فخرِ ہزارہ سمٹ سکندر خان خلیل نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے فخرِ ہزارہ ایوارڈز کے قیام، اس کی تاریخ، وژن اور مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد ہزارہ کے ان گمنام مگر باصلاحیت افراد کو منظرِ عام پر لانا ہے جو خاموشی سے مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اپنے عمل سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔
پروقار تقریب میں ہزارہ کی خوبصورت ثقافت، روایات اور علاقائی رنگ بھرپور انداز میں نمایاں دکھائی دیے، جبکہ شرکاء نے اس تقریب کو ہزارہ کے نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کے لیے امید، حوصلے، شناخت اور مثبت سوچ کی علامت قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہزارہ ریجن کے ٹیلنٹ، مثبت صلاحیتوں اور نوجوان قیادت کو قومی سطح پر مزید متعارف کروانے کے لیے ایسے مثبت اور تعمیری پروگراموں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔