29/04/2025
بلوچستان کے نوجوان قلم اور کتاب کو اپنی طاقت بنا کر شعوری جدوجہد تیز کریں- بی ایس او
بی ایس او ڈگری کالج یونٹ کا سرکل زیر صدارت یونٹ سیکرٹری عطاء شاد بلوچ کے منعقد ہوا، سرکل کے مہمان خاص بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل صمند بلوچ جبکہ اعزازی مہمان شال زون کے آرگنائزر واجہ کبیر بلوچ، جامعہ بلوچستان کے یونٹ سیکرٹری ملک شعیب بلوچ تھے
سرکل سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن محض ایک طلباء تنظیم نہیں بلکہ ایک فکری و شعوری تحریک ہے، جو بلوچستان کے نوجوانوں کو نہ صرف تعلیم و شعور سے آراستہ کرنے کا عزم رکھتی ہے بلکہ قوم کے اجتماعی مفاد، وسائل پر اختیار اور انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد میں ایک مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب ہر بلوچ نوجوان کو اپنے قلم کو ہتھیار بنانا ہوگا۔ ہمیں اپنی تحریروں سے نہ صرف ظلم کو بے نقاب کرنا ہے بلکہ اپنی قوم کو راستہ بھی دکھانا ہے۔ ہر صفحہ جو ہم لکھیں، ہر کتاب جو ہم پڑھیں، ہر تقریر جو ہم کریں، وہ بلوچ قومی تحریک کا حصہ بن جائے گی۔
مقررین نے آخر میں کہا کہ بی ایس او کا ہر کارکن، چاہے وہ تعلیمی اداروں میں ہو یا گاؤں کی کسی مجلس میں، ایک نمائندہ ہے، ایک ایسی جدوجہد کا نمائندہ جس کا مقصد باوقار، بااختیار اور باعزت بلوچ معاشرہ قائم کرنا ہے