13/09/2026
جیکب آباد مہنگائی کا ایٹم بم! ستمبر کے 12 دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات 33 روپے تک مہنگی; عوام پر قیامت ٹوٹ پڑی!پیٹرول فی لیٹر 375.28 روپے اور ڈیزل 403.32 روپے کی تاریخ ساز ترین سطح پر پہنچ گیا! پیٹرولیم بم چلتے ہی آٹا اور روزمرہ اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ; بازار ویران، چولہے ٹھنڈے اور بے روزگاری کا اڑدہا بے قابو! "حکمران اور افسران مفت بجلی، گیس اور پیٹرول عیاشیوں میں اڑائیں اور عوام سے لیوی و جبران ٹیکس وصول کیے جائیں،عارف سومرو، واجد علی، مسمات خانی، سنیتا کماری اور شہزاد احمد کا ظالم حکمرانوں کے خلاف اعلانِ جنگ
جیکب آباد (نامہ نگار) ستمبر کے محض 12 دنوں کے اندر وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 33 روپے فی لیٹر کا بدترین اور ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ جیکب آباد میں پیٹرول کی قیمت تاریخی بلند ترین سطح 375.28 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 403.32 روپے فی لیٹر پر پہنچنے کے بعد پورے ضلع میں مہنگائی کا ایسا طوفان آیا ہے جس نے غریب، دہاڑی دار اور سفید پوش طبقے کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔پیٹرول اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا راست اثر عوام کے پیٹ پر پڑا ہے آٹے کی قیمتوں کو آگ لگ چکی ہے، جبکہ سبزی، دالیں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔کاروبار ٹھپ، بے روزگاری عروج پر: پیٹرول مہنگا ہونے اور خریداروں کی عدم موجودگی کے باعث جیکب آباد کی تمام تجارتی مارکیٹیں اور بازار ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بے روزگاری میں غیر معمولی اور خوفناک اضافہ ہو چکا ہے۔حکومتی پالیسیوں اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف جیکب آباد کے شہریوں عارف سومرو، واجد علی، مسمات خانی، سنیتا کماری، شہزاد احمد اور دیگر نے میڈیا کے سامنے غصے اور شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کی دھجیاں اڑا دیں ظالم حکمران اور سرکاری افسران اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں! عالمی اداروں سے قرض پر قرض لے کر پوری قوم کو مقروض کر دیا گیا ہے۔ جن حکمرانوں اور بابوؤں کو مفت کا پیٹرول، بجلی، گیس اور لمبی گاڑیاں ملتی ہیں، وہ اس کا تمام تر کچومر عوام سے نکال رہے ہیں۔ پیٹرول پر بھاری لیوی ٹیکس اور بجلی و گیس کے بلوں میں سلیب اور جبری ٹیکسز لگا کر غریب کو دو وقت کی روٹی سے بھی محتاج کر دیا گیا ہے۔ حکمران عوام کے ٹیکسوں پر عیاشیاں کر رہے ہیں اور ہم اپنے بچوں کو بھوکا دیکھ کر تڑپ رہے ہیں جیکب آباد کے عوام، سول سوسائٹی اور تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ستمبر کے 12 دنوں میں کیا گیا 33 روپے کا ظالمانہ اضافہ فوری واپس نہ لیا اور بجلی، گیس و پیٹرول پر عائد ناجائز ٹیکسز ختم نہ کیے، تو عوام سڑکوں پر نکل کر دما دم مست قلندر کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری بے حس حکمرانوں پر عائد ہو گی۔