
18/06/2025
چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم ( صنعت زار ) جھنگ مہر محمد آصف مگھیانہ سیال نے کہا ہے کہ پنجاب کا حالیہ بجٹ ایک متوازن اور عوام دوست ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مدبرانہ قیادت اور عوامی فلاح کے ویژن کا عملی مظہر ہے۔ ممبر پریس کلب جھنگ محمد ریاض شاہد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں معاشرے کے تمام طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کی مجموعی ترقی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو خاص اہمیت دی گئی ہے جبکہ ہونہار طلبہ کے لیے "اسکالرشپ پروگرام” کا اعلان کیا گیا ہے مزید برآں لیپ ٹاپس طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے تاکہ جدید تعلیم تک رسائی میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولز اور کالجز کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا جو نہ صرف توانائی بحران کے خاتمے میں معاون ہو گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کے لیے بجٹ میں 41 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صحت عامہ کے حوالے سے سنجیدہ ترجیحات کا عکاس ہے اس کے ساتھ ہی عوام کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو خاص طور پر غریب اور نادار مریضوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہو گی۔ مہر محمد آصف مگھیانہ سیال نے کہا کہ زرعی پیداوار کے فروغ کے لیے گرین ٹریکٹر اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ کاشتکاری کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ مہر محمد آصف مگھیانہ سیال نے اس بجٹ کو معاشی استحکام، روزگار کے مواقع اور عوامی فلاح کا ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بجٹ نہ صرف عوام کی توقعات پر پورا اترے گا بلکہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ایم پی اے پی پی 128 کرنل غضنفر عباس شاہ قریشی کی جھنگ کیلئے خدمات کو سراہا جنکی کوششوں کی وجہ سے شورکوٹ تا جھنگ روڈ بننے کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے۔