05/12/2025
جھنگ (اے آر وائی نیوز) وجاہت شہید ہاکی گراؤنڈ میں ظفر شاہ ہاکی اکیڈمی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان دوستانہ ہاکی میچ ہوا جس میں دونوں ٹیموں نے بھرپور مہارت اور جوش کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عمران احمد اور ممتاز کاروباری شخصیت شاہد کاہلوں تھے۔
میچ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن پنجاب کے کوچ ریحان نے فیصل آباد یونیورسٹی ٹیم کی جانب سے حصہ لیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جبکہ ریفری کی ذمہ داری پروفیسر عامر قاضی نے احسن طریقے سے انجام دی۔
مقابلہ 4-2 سے ظفر شاہ ہاکی اکیڈمی سٹیلائٹ ٹاؤن کے نام رہا، جبکہ مین آف دی میچ کا اعزاز محمد عمران عرف مانو وینس کو ملا، جنہوں نے اپنی شاندار پرفامنس سے شایقین کے دل جیت لیے۔ اختتامی تقریب میں پنجاب کوچ نے جھنگ کے ہاکی ٹیلنٹ کی تعریف کی اور مرحوم ظفر شاہ کی کھیل کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔