
06/07/2025
حُسینؑ تم نہیں رہے تمہارا گھر نہیں رہا
مگر تمہارے بعد ظالموں کا ڈر نہیں رہا
مدینہ و نجف سے کربلا تک ایک سلسلہ
ادھر جو آ گیا وہ پھر اِدھر اُدھر نہیں رہا
صدائے استغاثۂ حُسینؑ کے جواب میں
جو حرف بھی رقم ہوا وہ بے اثر نہیں رہا
صفیں جمیں تو کربلا میں بات کھل کے آ گئی
کوئی بھی حیلۂ نفاق کارگر نہیں رہا
بس ایک نام – اُنؐ کا نام اور اُنؐ کی نسبتیں
جز اُن کے پھر کسی کا دھیان عمر بھر نہیں رہا
کوئی بھی ہو کسی طرف کا ہو کسی نسب کا ہو
جو تم سے منحرف ہوا وہ معتبر نہیں رہا
✍🏻 افتخار عارف
کتاب: شہرِ علم کے دروازے پر | شاعر: افتخار عارف
صفحہ نمبر 73 ― 74 | مطبوعہ: بُک کارنر جہلم