03/06/2025
کبیروالا میں سنگین واردات، 20 سے زائد مسلح افراد کا گھر پر حملہ، تین افراد اغوا
کبیروالا (نامہ نگار) — تھانہ حویلی کورنگا کی حدود میں واقع موضع 22 گھگھہ میں سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں مبینہ طور پر 20 سے 25 مسلح افراد نے آصف نامی شخص کے گھر پر دھاوا بول دیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے گھر میں موجود افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور جاتے ہوئے تین افراد کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔ اغوا ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔
متاثرین نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ملزمان سے مبینہ طور پر ساز باز میں ملوث ہے اور تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی کبیروالا منور حسین گجر جائے وقوعہ پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے چھان بین کی جارہی ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔