23/10/2025
پاکستانی پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن متعارف کرانے کا فیصلہ، پرنٹنگ کا عمل جلد متوقع
اسلام آباد (جے کے نیوز): وفاقی حکومت نے پاکستانی پاسپورٹ کا ڈیزائن مکمل طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے اس حوالے سے وزارتِ داخلہ سے باضابطہ منظوری حاصل کر لی ہے۔
نئے پاسپورٹ میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی تاریخی و ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرنے والی عمارات کی تصاویر شامل کی جائیں گی تاکہ قومی تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق پاسپورٹ کے نئے ڈیزائن میں جدید ترین سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ جعل سازی کی روک تھام اور بین الاقوامی سطح پر اس کی ساکھ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں مالی سال 2025-26 کے لیے پاسپورٹ کی تجدید فیس کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے، جو پاسپورٹ کی مدت (پانچ یا دس سال) اور صفحات کی تعداد (36، 72 یا 100) کے لحاظ سے مختلف ہوگی۔
36 صفحات والے پانچ سالہ پاسپورٹ کی عام فیس 4,500 روپے اور فاسٹ ٹریک فیس 7,925 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دس سالہ پاسپورٹ کی عام فیس 6,700 روپے اور فاسٹ ٹریک فیس 11,925 روپے ہوگی۔
72 اور 100 صفحات والے پاسپورٹس کی فیس بھی اسی تناسب سے بڑھائی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درست اور تازہ ترین معلومات کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی سرکاری ویب سائٹ یا قریبی دفتر سے رجوع کریں۔