09/07/2025
ایبٹ آباد میں پاکستان تحریک انصاف ہزارہ ریجن کا اہم اجلاس
ہر صوبائی حلقے میں احتجاجی سرگرمیوں کا آغاز — جمہوریت کی بحالی اور چیئرمین عمران خان کی رہائی کا پُرزور مطالبہ
ایبٹ آباد: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت کی ہدایت پر ایبٹ آباد میں ہزارہ ریجن کی سطح پر ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی ہزارہ ریجن اور ضلعی سطح کی قیادت کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت نے بھی بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر کی ہدایت پر شروع کی گئی عوامی احتجاجی مہم کے اگلے مراحل کو حتمی شکل دینا تھا۔ یہ مہم عمران خان کی جانب سے 5 اگست کو دی گئی احتجاجی کال سے قبل عوامی شعور اجاگر کرنے اور تحریک انصاف کے مؤقف کو ہر حلقے میں پہنچانے کے لیے ترتیب دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی بالادستی، اور چیئرمین عمران خان کی غیر آئینی و غیرقانونی گرفتاری کے خلاف بھرپور عوامی آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں احتجاجی ریلیاں، کنونشنز، اور عوامی اجتماعات منعقد کریں گے تاکہ عوام کو متحرک کر کے پارٹی کا بیانیہ مؤثر انداز میں عام کیا جا سکے۔
اجلاس میں صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر، جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی،سابق اسپیکر مشتاق احمد غنی,نائب صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کمال سلیم سواتی، صدر پی ٹی آئی ہزارہ علی خان جدون، جنرل سیکرٹری سردار خان، ، صوبائی وزیر نزیر احمد عباسی، ایم پی ایز ارشد ایوب خان، منیر حسین لغمانی، افتخار خان جدون، سابق ایم این اے عظمیٰ ریاض جدون، سابق ایم پی اے ملیحہ اصغر خان، سابق ایم پی اے مومنہ باسط، اور جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خواتین ونگ ہزارہ ریجن شکیلہ ربانی سمیت دیگر اہم قائدین شریک ہوئے۔