11/12/2025
آزاد پتن میں المناک حادثہ: ہجیرہ سے راولپنڈی جانے والی ہائی ایس ڈیم میں جا گری، 4 مسافر زندہ نکال لیے گئے
آزاد پتن میں کہوٹہ کی حدود میں گراری پل کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ہجیرہ سے راولپنڈی جانے والی ٹیوٹا ہائی ایس نمبر 7599 ڈیم میں جا گری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں کم از کم 18 مسافر سوار تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 4 افراد کو زندہ حالت میں نکال کر فوری طور پر کہوٹہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مسافروں کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 12 مسافروں کے ڈیم میں ڈوب جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کی جگہ گراری پل کے نزدیک سخت مشکل ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ حادثے کی سنگینی کے پیش نظر مزید امدادی ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا قائم ہے، جبکہ لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت بھی متاثرین کی تلاش میں شریک ہیں