27/02/2023
اماراتی ویزہ کے حصول کیلئے کن پاکستانیوں پر پابندی ہوگی، قونصل جنرل یو اے ای کا اہم اعلان
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کیلئے اہم خبر ہے کہ یو اے ای حکومت نے 18 سال سے کم عمر پاکستانیوں کے ویزوں کے حصول کے حوالے سے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل عتیق بخیت الرومیتی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس قانون اور یو اے ای حکومت کی جانب سے آئندہ سخت اقدامات کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔ قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الرومیتی نے بتایا کہ "ودیمہ" نامی قانون کے تحت امارات میں ورک ویزہ رکھنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد بچوں کے حقوق کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ان قوانین میں خاص طور پر بچوں کے تعلیم کے حق پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنے بچوں کو گھروں پر رکھ کر زیور تعلیم سے محروم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ دنوں اہم اجلاس میں اس سلسلے میں سخت فیصلے کیے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم خاندانوں کے بچوں کے حقوق کے حوالے سے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو تعلیم دلانے بہت ضروری ہے۔ یو اے ای حکومت کی جانب سے بچوں کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مزید بتایا کہ یو اے ای کے "ودیمہ" قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، پاکستانی والدین اپنے بچوں کے حقوق کا خاص خیال رکھیں اور انہیں تعلیم ضرور دلوائیں۔ قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ والدین بچوں کی تعلیم، صحت، آزادی سمیت دیگر حقوق کا خیال رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں 16 سے 17 لاکھ پاکستانی موجود ہیں۔ ودیمہ کا قانون ورک یا رہائشی ویزہ رکھنے پاکستانیوں کیلئے ہے۔خلاف ورزی کرنے والے پاکستانیوں کو امارات سے بے دخل کیا جاسکتا ہے اور نئے ویزوں کے حوالے سے سختی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے پاکستانیوں کو ویزے دیئے جائیں گے جو ودیمہ کے قانون پر مکمل عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے۔ بخیریت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزے کے امیدوار پاکستانی شہریوں کے لیے ایسی کوئی پابندی نہیں۔ یو اے ای حکومت تفریحی ویزا والے پاکستانیوں کو خوش آمدید کہے گی اور ایسے شہریوں پر یو اے ای جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔