06/07/2022
امریکہ نے ہماری حکومت گرائی، میر جعفر و میر صادق نے امپورٹد حکومت کو بٹھایا، عمران خان
چیچہ وطنی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ کے غلام سازش کے تحت ہم پر مسلط کیے گئے۔
ہم نیوز کے مطابق چیچہ وطنی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں ںے ہماری معیشت دو ماہ میں نیچے گرادی۔ الیکشن کمیشن بے ضمیر ہے، انہیں جتوانے کی کوشش کی جار ہی ہے، نواز شریف اور آصف زرداری پیسے کی پوجا کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جنتی بھی دھاندلی کی جائے یہ نہیں جیت سکتے، شریف خاندان نے آج تک ایک کام بھی ایمانداری سے نہیں کیا، حمزہ شہباز تم جو مرضی کر لو ہم الیکشن جیت کر دکھائیں گے، ووٹنگ کے روز ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 نوجوان رکھیں گے، یہ دھاندلی کریں گے انہیں دھاندلی نہیں کرنے دینی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ نے سازش کر کے ہماری حکومت گرائی، یہاں میر جعفر اور میر صادق نے سازش کر کے امپورٹڈ حکومت کو اوپر بٹھایا، یہ چاہے مجھ پر 1500 مقدمات کروا دیں ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر خوش ہو رہا ہے، نواز شریف کا مجرم بھائی اور اس کا بیٹا اقتدار میں ہیں، مریم نواز جھوٹوں کی شہزادی جن سے سچ ہی نہیں بولا جاتا، حلیم عادل شیخ کو جیل میں ڈال دیا ہے، مراد علی شاہ جیسا کرپٹ آدمی وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے۔