
09/04/2025
*شگر قومی موومنٹ کے چیئرمین مولانا علی رضا ناصری کی باشہ کے نوجوانوں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس*
شگر (پریس ریلیز): شگر قومی موومنٹ کے چیئرمین مولانا علی رضا ناصری نے باشہ کے نوجوانوں کے ساتھ ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شگر کے ساتھ طویل عرصے سے ہونے والی ناانصافیوں نے عوام کو سخت مایوس اور مشتعل کر دیا ہے، اور اب یہ ناانصافیاں کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائیں گی
انہوں نے کہا کہ "آج کی دنیا فور جی اور فائیو جی انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہے، مگر افسوس کی بات ہے کہ باشہ اور بلادو جیسے علاقے آج بھی بنیادی ٹیلی فون سروس سے محروم ہیں۔ صحت، تعلیم اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان اس بات کا ثبوت ہے کہ شگر کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔"
مولانا ناصری نے کہا کہ "بلتستان کا سب سے بڑا ضلع ہونے کے باوجود شگر سب سے زیادہ پسماندہ ہے۔ شگر کے وسائل سے پورا بلتستان فائدہ اٹھا رہا ہے، مگر خود شگر کو کوئی خاطر خواہ سہولت یا ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا جا رہا۔ یہاں نہ کوئی بڑا اسپتال ہے اور نہ ہی کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی منصوبہ موجود ہے۔"
انہوں نے کمشنر بلتستان، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، اور گورنر گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ شگر کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام یونین کونسلز میں صحت و تعلیم سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
آخر میں چیئرمین شگر قومی موومنٹ نے خبردار کیا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آئندہ انتخابات میں پورا شگر الیکشن کا بائیکاٹ کرے گا۔