
05/05/2023
شاہ رخ خان کی فلم ’’پٹھان‘‘ بنگلہ دیش میں ریلیز ہونیوالی پہلی بالی ووڈ فلم بن گئی
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم" پٹھان" بنگلہ دیش کے سینیماؤں میں ریلیز کی جارہی ہے، بنگلہ دیش کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں کوئی ہندی فلم ریلیز کی جارہی ہو۔
انٹرنیشنل ڈسٹری بیوشنز کے نائب صدر نیلسن ڈی سوزا نے اعلان کیا ہے کہ کنگ خان کی ’پٹھان‘ 12 مئی کو بنگلہ دیش کے سینماؤں میں ریلیز کی جائے گی، بنگلہ دیش میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے اسی لئے ان کی فلم کو ریلیز ہونے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سینما ہمیشہ سے قوموں، نسلوں اور ثقافتوں کو متحد کرنے کا ذریعہ رہا ہے اور اس کے ذریعے لوگ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔واضح رہے کہ فلم" پٹھان" دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔