Social Urdu News Update

Social Urdu News Update Social Urdu News Update

18/11/2022

*خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے: ترجمان دفترخارجہ*

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

اسلام آباد میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 سے 8 نومبر تک کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کی اور وہاں ناروے اور مصر کے وزرائے اعظم کے ہمراہ ماحولیاتی تبدیلی پر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز اور کوششوں پر بھی بات کی گئی
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل سمیت متعدد راہنماؤں سے ملاقات کی۔

ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 9 سے 10 نومبر تک سعودی عرب کا دورہ کیا اور انہوں نے سعودی پاکستان سپریم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور خلیج تعاون کونسل کے راہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان بات چیت کی بحالی پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔
ترجمان نے غیرملکی شخصیات کے دوروں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی کمشنر برائے داخلہ یلوا جانسن نے دورہ پاکستان میں وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق سوالات پر کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے بارے میں دفتر خارجہ نے اعلان نہیں کیا تھا تاہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دورہ متوقع ہے اور سعودی ولی عہد جلد ہی پاکستان کے دورے پر آئیں گئے اور دونوں ممالک اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ کینیا میں ہمارے ہائی کمیشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور جسد خاکی واپس لانے میں فعال کردار ادا کیا اور دفترخارجہ نے بھی بھرپور مدد فراہم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔
بھارت کے ساتھ معاملات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بات چیت کے لیے بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل پر یقین رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک غیر جانب دار استصواب رائے میں ہے، پاکستان 75 برس سے کشمیریوں کا بھارتی ریاستی جبر کے مقابلے میں ساتھ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی براہموس میزائل کے غلطی سے داغے جانے سے کوئی بڑا سانحہ بھی جنم لے سکتا تھا، ہم اس معاملے کو ہر اہم فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے ابھی تک مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے اور پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہم نے اپنا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں کوپ 27، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دیگر فورم پر پیش کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک سوال پر کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے سارا طریقہ کار کابینہ ڈویژن ہی طے کرتا ہے، سابق وزیر اعظم کی گھڑی کے معاملے پر کسی شکایت کے حوالے سے آگاہ نہیں ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت حال میں پاکستان میں دہشت گردی کی دوبارہ بحالی کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جارجیا میں اسرائیلی شہری کے قتل کی سازش میں پاکستانی شہری کی گرفتاری کی خبریں دیکھی ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی، تعمیرنو کے لیے ڈونرز کانفرنس جینیوا میں متوقع ہے اور اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

18/11/2022

شہادت نے تسبیح کے دھاگے کی طرح مختلف نسلی گروہوں کو آپس میں جوڑا ہوا ہے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شہادت یکجہتی کا سرچشمہ اور تسبیح کے دھاگے کی مانند ہے جس نے ملک میں مختلف نسلی گروہوں اور زبانیں بولنے والوں کو باہم جوڑا ہوا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج صبح ﴿جمعرات ١۷ نومبر﴾ صوبہ قم کے شہداء کی دوسری قومی کانگریس کے منتظمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شہداء کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ لفظ "شہادت" ایثار و قربانی کا مظہر ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے قم شہر کو "شہر قیام" کہا اور راہ خدا میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی سرکردہ شخصیات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے فرمایا کہ قم نے خود بھی قیام کیا اور ایران کو بھی قیام پر ابھارا کہ جو حضرت معصومہ ﴿س﴾ اور حوزہ علمیہ کی برکتوں کا نتیجہ تھا اور وہاں کے نیک انسانوں کی بدولت تھا جنہوں نے انقلاب کی جد و جہد میں بے شمار لوگوں کی قربانی پیش کی۔ البتہ مطہری، بہشتی اور باہنر جیسے شہدا بھی قم کے پرورش یافتہ تھے بلکہ پورے ایران کے شہدا قم کے شہدا شمار ہوتے ہیں۔ کیونکہ یہ قم تھا جس نے حضرت امام خمینی ﴿رہ﴾ کی ندا پر لبیک کہی اور انقلاب کی تحریک کو شروع کیا۔

رہبر انقلاب نے انقلاب کی فتح، دفاع مقدس ﴿آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ اور پے در پے امتحانوں میں ایرانی عوام اور قم کے لوگوں کے درخشاں کردار کا ذکر کیا اور شہدا کی برجستہ خصوصیات کو فن کی زبان میں پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انقلاب سے پہلے اور اس کے بعد کا ہر روشن واقعہ ایک ستارے اور تاریخی موڑ کی مانند ہے اور شاہ چراغ کا حالیہ واقعہ بھی انہی ستاروں میں سے ایک ہے جس نے اگرچہ کچھ لوگوں کو غمزدہ کیا اور سب کے دلوں کو غم سے بھر دیا لیکن ملک کی تاریخ میں ہمیشہ باقی رہے گا اور قوم کے زندہ ہونے کی علامت اور فخر و سربلندی کا سرچشمہ ہے۔

رہبر انقلاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہادت کے حوالے سے ’’شہید‘‘ کا لقب ایک ایسا لقب ہے جسے آسانی سے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ لفظ "شہید" مذہبی، قومی اور انسانی اقدار کا مجموعہ ہے۔ جب آپ ’’شہید‘‘ کہتے ہیں تو یہ لفظ دراصل اپنے آپ میں ایک کتاب ہے۔ اس لفظ کے اندر مذہبی تعلیمات کا ایک مجموعہ سمایا ہوا ہے۔ یہ لفظ اپنے اندر قومی تعلیمات کو لیا ہوا ہے۔ اس لفظ کے اندر اخلاقی تعلیمات اور فضائل موجود ہیں۔ یہ لفظ انتہائی اہم لفظ ہے۔

انہوں نے فرمایا کہ شہید " سچے ایمان"، "عمل صالح" اور "خدا کی راہ میں جہاد" کا مجسم نمونہ ہے۔ قومی تشخص کو تقویت دیتا ہے جیسا کہ آج شہدا اور ان کے ماں باپ کی قربانیاں ایرانی قوم کی عظمت کا سبب بنی ہیں۔

انہوں نے فرمایا کہ لفظ شہید مذہبی، قومی اور اخلاقی تعلیمات کا مجموعہ ہے۔ جہاں تک مذہبی مسائل کا تعلق ہے تو سب سے پہلی چیز جو ایک شہید کے ذہن میں لاتی ہے وہ خدا کی راہ میں لڑنا ہے۔ شہیدوں نے خدا کی راہ میں قدم اٹھایا، لڑے اور شہید ہوئے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ ایک شخص دوسروں کے آرام کے لیے اپنی جان دیتا ہے۔ شہید ہونے والا اپنی جان اس لیے دیتا ہے کہ دوسرے سلامتی سے رہ سکیں۔ دفاع مقدس میں شہید ہونے والے نے اپنی جان دی تاکہ شریر اور جابر دشمن ان عزائم کو پورا نہ کر سکے جن کا اس نے تہران کی طرف پیش قدمی اور ایرانی قوم کو ذلیل کرنے کے حوالے سے اظہار کیا تھا۔

18/11/2022

دشمنوں کا قوم کو تقسیم کرنے اور ایران کو توڑنے کا خواب پورا نہیں ہو گا، جنرل حسین سلامی

قم - پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے کہا کہ دشمنوں کا قوم کو تقسیم کرنے اور اسلامی ایران کو توڑنے کا خواب پورا نہیں ہو گا اور ایرانی قوم اتحاد اور طاقت کے ساتھ شہداء کے راستے پر گامزن رہے گی۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات کی صبح صوبہ قم کے شہداء کی قومی کانگریس تاریخی مسجد جمکران میں منعقد ہوئی۔ سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اللہ تعالیٰ کی حجتیں ہیں تاکہ ہم اپنا راستہ نہ بھولیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہدا میں سے ہر ایک شہید چمکتا ہوا ستارہ اور معاشرے میں دینی فضائل پر قائم عظیم تشخص کو تشکیل دینے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے وجود کے معمار ہیں اور شہداء کے بدن کا پودا زمین پر گرا لیکن انقلاب کا درخت پھلا پھولا اور تناور ہوگیا۔
جنرل سلامی نے مزید کہا کہ آج کا امن و سلامتی، ترقی اور وقار بلاشبہ شہداء کی مرہون منت ہے اور شہداء نے ہماری قوم کی تبدیلی کے چہرے کا نقشہ کھینچا۔
انہوں نے کہا کہ شہادت جاری رہنے والی ابدیت کا نام ہے اور یہ جاری رہنے والی حقیقت زمان و مکان کی مختصر مدت کے لیے نہیں ہے بلکہ شہادت ایک ابدیت ہے اور شہداء نے بڑی ہوشیاری سے خدا کے ساتھ معاملہ کیا ہے۔
جنرل سلامی نے ایران کے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ آج امریکہ و اسرائیل سے لے کر ان کے علاقائی اتحادیوں تک دشمن ایک نئی صف بندی کے ساتھ اور اپنے خطرناک اقدامات کے تسلسل میں شہداء اور خدا و رسول کے ساتھ جنگ میں اترے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج دشمنوں کی سازش میں بعض دھوکہ کھائے ہونے افراد کے تعاون سے ایرانی قوم کے خلاف ایک بڑا فتنہ کھڑا کرنے کی کوشش کی جار رہی ہے کیونکہ دشمن ایرانی قوم سے غضبناک ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ایرانی قوم نے اسلامی انقلاب کے ذریعے کفار کو مبہوت کردیا۔ عظیم ایرانی قوم نے بادشاہت اور شاہی جبر کو شکست دی اور دشمن ابھی تک اس واقعے پر مبہوت و حیران ہے اور اس نے محسوس کیا کہ دنیا بدل گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں نے اپنے عزائم کو تسلسل دینے کے لئے تکفیریت کو پیدا کیا تاکہ جعلی اسلام کے ذریعے اسلامی انقلاب کو تباہ کر سکیں لیکن ملت اسلامیہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی سرپرستی اور حاج قاسم سلیمانی کی قیادت کے ذریعے کفر اور تکفیر کے محاذ کو شکست دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کے بہت سے خواب ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ایران ماضی کی طرف لوٹ جائے اور ایران کی گلیوں کو گناہوں کا مرکز بنا دیا جائے اور خواتین کے چہروں کو تشخص سے خالی اور مغرب زدہ کر دیا جائے۔ دشمن ہماری خواتین سے حجاب چھیننا چاہتے ہیں جو اقدار کی حفاظت کا کلیدی مورچہ ہے اور آج دشمن کی چیخیں درحقیقت کفر کا رونا دھونا ہے اور وہ ہماری خواتین کی معصومیت چھیننے کے لیے خدا سے جنگ میں اترے ہیں۔ ہماری بیٹیوں اور نوجوانوں کو اسلام اور وطن سے دور کرنا چاہتے ہیں۔
جنرل سلامی نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ملک کی سڑکیں دھویں سے بھر جائیں اور ہم ترقی نہ کریں، مریضوں کو دوائی میسر نہ ہوسکے، سڑکوں پر نوجوان مارے جائیں، اور ہمارے لوگ افسردہ اور کنفیوز ہو کر بکھر جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کوتوڑنے اور ایرانی قوم کو تقسیم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ ہم سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں گے، اقتصادی مسائل کو حل کریں گے اور دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ آج اسلامی ایران عالمی طاقت بننے کی راہ پر گامزن ہے اور ہم اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

18/11/2022

دشمنوں اور علیحدگی پسندوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایران لیبیا یا سوڈان نہیں ہے، حسین امیر عبداللہیان

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سیکورٹی سروسز، جعلی اسرائیلی حکومت اور بعض مغربی سیاستدان جنہوں نے ایران کی خانہ جنگی، تباہی اور ٹکڑے کرنے کے منصوبے بنائے ہیں، انہیں جان لینا چاہیے کہ ایران لیبیا یا سوڈان نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سیکورٹی سروسز، اسرائیل کی جعلی حکومت اور بعض مغربی سیاست دان جنہوں نے خانہ جنگی، تباہی اور ایران کے ٹکڑے کرنے کے منصوبے بنائے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایران، لیبیا اور سوڈان نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ آج دشمنوں نے ایران کی سالمیت اور ایرانی تشخص کو نشانہ بنایا ہوا ہے، عوام کی بصیرت نے دشمن کو مایوس کردیا ہے۔

18/11/2022

*خلیج اومان میں ٹینکر پر ڈرون حملہ ، امریکہ نے ذمہ داری ایران پر ڈال دی*

امریکہ کی طرف سے پر اعتماد انداز میں کہا گیا ہے کہ خلیج اومان میں ٹینکر پر ڈرون حملہ ایران نے کیا ہے۔ ایم وی پیسفک زرکون بحری جہاز پرڈرون حملے کی اطلاع دو روز قبل سامنے آئی تھی۔ تاہم اس بارے میں کسی طرف سے کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا تھا۔
بتایا گیا تھا کہ امریکی بحری بیڑہ اس جہاز کے واقعے سے آگاہ تھا۔ لیکن اس بارے میں کچھ اور نہیں کہا تھا۔ اب بدھ کے روز وائٹ ہاوس میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے ٹینکر ایرانی ڈرون طیارے کا نشانہ بنا ہے۔

جیک سلیوان نے کہا ' دستیاب معلومات کا جائزہ لینے کی بنیاد پر ہم پورے اعتماد سے کہتے ہیں یہ ڈرون حملہ ایران نے ہی کیا ہو گا۔ '

سلامتی مشیر نے کہا ' ایران کے پاس اس مہلک ٹیکنالوجی میں اضافہ ہو رہا ہے وہ خود یا اپنی جنگی توسیعات (پراکسیز) کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے لے کر یوکرین تک اپنے یہ ڈرون استعمال کر رہا ہے۔ '
واضح رہے گذشتہ ماہ امریکہ نے یوکرین میں ایرانی ڈرون طیاروں کے استعمال کے بارے میں شواہد موجود ہونے کی بات کی تھی۔ تاہم ایران مسلسل اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے۔
وائٹ ہاوس میں سلامتی سے متعلق مشیر نے کہا ' خلیج اومان میں اس ڈرون حملے کا کوئی جواز نہیں تھا، یہ انداز اور اقدام سرحدوں پر عدم استحکام کا ذریعہ بنے گا۔ جبکہ سمندری سفر اور نقل و حمل کو مشکلات سے دو چار کرے گا اور بین الاقوامی تجارت و جہاز رانی متاثر ہو گی۔
ٹینکر پر ڈرون حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ اسی طرح علاقے میں بھی ایران کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ خلیجی پانیوں میں ٹینکرز اس سے پہلے بھی بہت سے حملوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان حملوں میں سے کئی کا الزام ایران پر للگا ہے تاہم ایران تردید کرتا ہے۔
امریکہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایران کو جوابدہ بنائے گا۔ نیز اس واقعے کا مناسب طریقے سے جواب بھی دے گا۔
اسرائیلی حکام نے اس بارے میں کہا ہے ایران ہی اس طرح کے ڈرون طیارے حملوں میں استعمال کرتا ہے۔ جس طرح کا ڈرون ٹینکرپر حملے میں استعمال ہوا ہے۔ ایران نے یوکرین کے خلاف روس کو بھی یہی ڈرون فراہم کیے ہیں۔
برطانیہ نے اس بارے میں کہا ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ٹینکر کا عملہ محفوظ رہا ہے۔ تاہم ابھی تحقیقات جای ہیں۔

18/11/2022

سعودیہ اور جنوبی کوریا کے درمیان 29 ارب ڈالر کے 26 معاہدے ہونگے

*شاہین منصوبہ 5 ارب ڈالر سے بڑھ جائے گا: سعودی وزیر سرمایہ کاری*

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے آج جمعرات کو کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ جنوبی کوریا کے دوران 29 ارب ڈالر کے 26 معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
الفالح نے العربیہ ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ شاہین پروجیکٹ، جس کے معاہدے پر جمعرات کو دستخط ہو رہے ہیں، کوریا میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہے، جس کی مالیت 5 بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ متعدد کوریائی کمپنیوں کے ساتھ متعدد معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی نے بدھ کو ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا تھا کہ توقع ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی 5 کمپنیاں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ گرین ہائیڈروجن اور امونیا کے پیداوار پلانٹ کو بنانے کے منصوبے میں تعاون کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کریں گی۔
پانچ کمپنیوں میں کوریا الیکٹرک پاور کارپوریشن، کوریا پاور کارپوریشن، کوریا پیٹرولیم کارپوریشن، پوسکو سٹیل کارپوریشن اور سام سنگ سی اینڈ ٹی شامل ہیں۔

اس منصوبے میں 20 سال کی مدت کے لیے گرین ہائیڈروجن اور امونیا کی پیداوار کے لیے پلانٹ کی تعمیر اور آپریشن شامل ہے جو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی شہرینبع میں 396 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس منصوبے کی لاگت 6.5 بلین ڈالر ہے، توقع ہے کہ پلانٹ کی تعمیر 2025 میں شروع ہو کر 2029 میں ختم ہوگی، پلانٹ سے 1.2 ملین ٹن سبز ہائیڈروجن اور امونیا پیدا ہوگا۔
جنوبی کوریا کی کمپنیاں اس ماہ کے آخر میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے تجارتی معلومات حاصل کرنے اور ابتدائی فزیبلٹی سٹڈیز شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
یہ کمپنیاں اگلے سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اس منصوبے میں شرکت کے لیے فزیبلٹی سٹڈیز اور شرائط پر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ مشاورت بھی کریں گی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بدھ کے روز سیول پہنچے تھے اور وہ آج جمعرات کو جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یول سے ملاقات کریں گے۔
کوریا شہزادہ محمد بن سلمان کے ایشیائی دورے کا دوسرا پڑاؤ ہے۔ اس سے قبل سعودی ولی عہد نے بالی میں منعقدہ جی 20 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔

18/11/2022

*اسرائیلی صدراسحاق ہرتصوغ کا بحرین کا پہلا دورہ کرنے کا اعلان*

اسرائیل کے صدر اسحاق ہرتصوغ نے آیندہ ماہ بحرین کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔وہ اس خلیجی عرب ملک کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی سربراہ مملکت ہوں گے۔
ان کے دفتر کے مطابق اسحاق ہرتصوغ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی دعوت پربحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔اس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں وہ صدر شیخ محمد بن زایدآل نہیان سے ملاقات کریں گے۔

اسرائیل اوربحرین اس وقت ایک آزاد تجارتی معاہدے پربھی بات چیت کر رہے ہیں جسے وہ اس سال کے آخر تک حتمی شکل دینے کی امید رکھتے ہیں۔

اسرائیل نے دوسال قبل امریکاکی ثالثی میں بحرین اور اس کے خلیجی ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کیے تھے۔
بحرین نے اس سال کے اوائل میں سابق اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی میزبانی کی تھی۔انھوں نے منامہ کا دوروزہ دورہ کیا تھا اور اس میں علاقائی طاقت ایران کے ساتھ تناؤ کے تناظر میں خلیج میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی موجودگی کواجاگر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں صدارت بڑی حد تک ایک رسمی عہدہ ہے ، لیکن اسحاق ہرتصوغ نے بہ طور صدر زیادہ نمایاں کردارادا کیا ہے۔اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ صہیونی ریاست میں گذشتہ چند سال سے کوئی مستحکم حکومت قائم نہیں ہوئی ہے۔
سابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو رواں ماہ کے اوائل میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں سرفہرست رہے تھے۔یہ اسرائیل میں چار سال سے بھی کم عرصے میں پانچواں انتخاب تھا لیکن انھوں نے ابھی تک حکومت تشکیل نہیں دی ہے۔

18/11/2022

*اعتماد ہے روس اور امریکہ جوہری ہتھیار استعمال نہیں کریں گے: ایردوآن*

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ہمیں اعتماد ہے کہ روس اور امریکہ کبھی بھی جوہری بم استعمال کی منصوبہ بندی نہیں کریں گے۔
صدر ایردوآن نے اس امر کا اظہار ترکیہ میں جمعرات کے روز انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان کے ایک مشترکہ اجلاس کے بعد کیا ہے۔

ایردوآنے کہا ' میں نے اپنے حساس اداروں کے سربراہوں سے جو معلومات حاصل کی ہیں روس یا امریکہ میں سے کوئی ایک فریق بھی جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا۔

انہوں نے اخبارنویسوں سے بات کرتے ہوئے انڈونیشیا میں میں گروپ 20 کی سربراہ کانفرنس کے بارے میں بھی بات کی ہے

18/11/2022

*صدر شی نے کینیڈین وزیر اعظم سے بے تکلفانہ بات کی، تنقید نہیں: چینی ترجمان*

چین کی وزارت خارجہ نے میڈیا کے لیے اپنی معمول کی بریفنگ میں اس امر کی نفی کی گئی ہے کہ صدر شی نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو گروپ 20 کے اجلاس کے موقع پر کسی قسم کی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا کی رپورٹس میں ایک روز قبل دیکھا گیا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم کینیڈا کو دو طرفہ ملاقات کے درمیان زیر بحث آنے والی باتوں کے میڈیا کو لیک کر دیے جانے پر افسوس کا تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماو نے اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران میڈیا کو بتایا ہے کہ چین اور کینیڈا کے رہنماوں کے درمیان ایک بے تکلفانہ بات تبادلہ خیال ہوا تھا۔ یہ بات چیت برابری کی سطح پر ہوئی تھی۔ چین کو توقع ہے کینیڈا دو طرفہ معاہدات کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

چینی ترجمان نے کہا ' صدر شی اور وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان ہونے والی ایک گفتگو کی مختصر ویڈیو دکھایا گیا تھی کہ دونوں رہنما گروپ 20 کانفرنس میں موجود ہیں۔ یہ ایک معمول کی کی بات تھی۔ اس کا یہ مراد نہ لی جائے کہ کو ایک رہنما دوسرے کو تنقید یا الزام کا نشانہ بنا رہے تھے۔

18/11/2022

*امریکاکی ایران پرنئی پابندیاں عاید؛چین،ہانگ کانگ اور یواے ای میں قائم 13کمپنیاں ہدف!*

امریکا نے جمعرات کے روز چین، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات میں قائم ایک درجن سے زیادہ کمپنیوں پرپابندیاں عاید کی ہیں۔ان پر واشنگٹن نے مشرقی ایشیا میں خریداروں کوایران کی پیٹروکیمیکلز اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سہولت کاری کا الزام عایدکیاہے۔
امریکانے ایرانی تیل کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے یہ نئی پابندیاں ایسے وقت میں عاید کی ہیں جب ایران کے ساتھ 2015ء میں طے شدہ جوہری معاہدے کی بحالی کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں اور ایران اور مغرب کے مابین تعلقات تیزی سے کشیدہ ہو رہے ہیں جبکہ ایران میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز ان مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کررہی ہیں۔

امریکا اب ایران کے پیٹروکیمیکلز کی برآمدات میں معاونت پر چینی کمپنیوں کونشانہ بنارہا ہے کیونکہ مشترکہ جامع لائحہ عمل (جے سی پی او اے) کے نام سے معروف جوہری معاہدے کی بحالی کے امکانات معدوم ہوتے جارہے ہیں اور فی الوقت اس معاہدے پر بالواسطہ بات چیت تعطل کا شکار ہو چکی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کے روزنامزد کردہ 13 کمپنیوں نے پہلے سے امریکاکی پابندیوں کا شکار کمپنیوں کومشرقی ایشیا میں ایران کی لاکھوں ڈالرمالیت کی پیٹرو کیمیکلزاورپیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سہولت مہیا کی ہے۔ان میں نیشنل ایرانی آئل کمپنی اور ٹرائیلینس پیٹروکیمیکل کمپنی لمیٹڈ بھی شامل ہیں۔
محکمہ خزانہ کے انڈرسیکریٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی سراغرسانی برائن نیلسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’آج کی کارروائی ایران کی جانب سے پیٹرولیم اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی غیرقانونی فروخت کے لیے پابندیوں سے بچنے کے پیچیدہ طریقوں کو مزید ظاہرکرتی ہے‘‘۔
انھوں نے کہا کہ امریکاان کرداروں کے خلاف پابندیوں کا نفاذ جاری رکھے گا جوایرانی تیل کی مصنوعات کی فروخت میں سہولت مہیا کرتے ہیں۔
امریکا نے ایک روز قبل ہی بدھ کو ایران کی ایک سرکاری میڈیا کارپوریشن کے چھے سینیرملازمین پر پابندیاں عاید کی تھیں۔اس نے میڈیا ادارے پر الزام عاید کیا تھا کہ اس نے ملک میں سیکڑوں قیدیوں کے جبری اعترافی بیانات نشرکیے ہیں۔
امریکا ایران پرمظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے ردعمل میں بھی دباؤ بڑھارہا ہے اور اس کو جوہری معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات کی میزپرلانے کی غرض سے بھی پابندیوں کا ہتھیاربروئے کار لارہا ہے۔

18/11/2022

*ایذہ میں تین بلوائی ‏شرپسند و دہشت گرد گرفتار*

ایران کے صوبے خوزستان کے چیف جسٹس نے تاکید کی ہے کہ ایذہ میں بلوہ کرنے والے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
بدھ کی رات موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح دہشتگردوں نے صوبے خوزستان میں واقع ایذہ کے علاقے میں لوگوں پر فائرنگ کر دی جس میں سات افراد شہید اور دس دیگر زخمی ہو گئے۔ بدھ کی رات ہی اصفہان میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملہ کیا جس میں تین سیکورٹی اہلکار شہید اور ایک سیکورٹی اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا۔
چھبیس اکتوبر کو بھی ایران کے شہر شیراز میں حضرت شاہ چراغ کے روضے میں ایک داعشی دہشت گرد کے حملے میں دو بچوں سمیت تیرہ افراد شہید اور تیس دیگر زخمی ہو ئے تھے۔
ایران کے صوبے خوزستان کے چیف جسٹس علی دہقانی نے کہا ہے کہ ایذہ میں بلوہ کرنے والے تین اصلی دہشت گرد عناصر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی دیگر عناصر کی شناخت کے ساتھ انھیں بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سارے امور پراسیکیوٹر جنرل کے سپرد کر دیئے گئے ہیں۔

18/11/2022

*روس کا افغانستان میں داعش کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار*

روس نے افغانستان کے مختلف علاقوں خصوصا شمالی افغانستان میں داعش کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: افغانستان امور میں روسی صدر کے نمائندے ضمیر کابلوف نے کہا ہے کہ شمالی افغانستان میں داعش کی سرگرمیاں پریشان کن ہیں، یہ علاقہ مرکزی ایشیائی ریاستوں سے ملتا ہے جو روس کی ہمسایہ ریاستیں بھی ہیں۔
اس سینئیر روسی اہلکار نے کہا کہ ’’ہماری خاص تشویش روس کے وسطی ایشیائی شراکت داروں کے ساتھ ملحقہ افغانستان کے شمالی علاقوں میں داعش کی بقا اور اثر و رسوخ کی وجہ سے ہے‘‘۔
’’کابلوف نے کہا، روس سماجی اور اقتصادی تناؤ کو کم کرنے اور افغانستان میں دہشت گردی اور منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے موجودہ افغان حکام کے عزم کو سراہتا ہے۔
طالبان کی عبوری حکومت کی انٹیلی جنس نے یورپی ممالک سے داعش کی مالی حمایت کرنے والے ایک سرغنہ عبدالمالک کو کنر صوبے سے گرفتار کر لیا ہے، یہ داعشی صوبۂ کنر کے شہر مونوگی کا رہنے والا ہے جسے ایک خصوصی آپریشن میں گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اپنے حال ہی میں یہ کہا کہ دنیا کو اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرنا چاہیے کہ افغانستان داعش، القاعدہ اور اس جیسے دیگر گروہوں کی محفوط پناہ گاہ نہ بن جائے۔
امیر سعید ایروانی نے دہشت گردی، غیرملکی دہشت گردوں سے لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے تعلیمی، سفارتی، مذہبی مراکز اور نسلی اقلیتوں کے خلاف دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ دنیا اس بات کو یقینی بنائے کہ افغانستان داعش اور القاعدہ جیسے دہشت گردوں اور ان سے منسلک گروہوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہ بننے پائے۔

18/11/2022

*بغداد ایئرپورٹ 48 گھنٹے کے دوران دوسری بار آگ کی لیٹ میں*

بغداد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ میں ایک بار پھر آگ لگ گئی۔
باخبر ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ایر پورٹ میں یہ واقعہ گذشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران دوسری بار پیش آیا ہے۔ آگ ایئرپورٹ کے ارائیول ہال میں لگی جس کے تھوڑی ہی دیر کے بعد فائرفائٹر ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ کو بجھانے میں کامیاب ہوگئیں ۔
رپورٹ کے مطابق، پندرہ فائرفائٹر ٹیموں نے ایئرپورٹ کے نینوا ہال میں دو منزلوں تک پھیلی آگ کو بجھانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
ایئرپورٹ کے منتظمین کے مطابق، اس واقعے میں مالی نقصان کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کی رات کو بھی بغداد ایئرپورٹ کے ایک کافی شاپ میں آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ میں کام کرنے والے تین مزدور زخمی ہوگئے تھے۔

18/11/2022

*امریکی داداگیری بے اثر، شمالی کوریا نے ایک اور بلیسٹک میزائل داغ دیا*

جنوبی کوریا کے فوجی ترجمان کے مطابق شمالی کوریا نے ایک شارٹ رینج بلیسٹک میزائل اپنے مشرقی ساحل کی طرف فائر کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونھاپ کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے ایک شارٹ رینج بلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو بحیرۂ جاپان میں جا کر گرا۔ رپورٹ کے مطابق یہ شمالی کوریا کا ایک ہفتے کی خاموشی کے بعد ایک اور اشتعال انگیز بلیسٹک میزائل تجربہ ہے۔
یہ میزائل تجربہ ایسے حالات میں کیا گیا جب شمالی کوریا کے وزیرخارجہ چو سون ہوی نے امریکہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ امریکہ کی علاقے میں مداخلت پسندانہ اقدامات کے جواب میں شمالی کوریا مزید سخت اقدامات کرے گا۔
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان ہونے والی سب سے بڑی فضائی مشقوں پر اعتراض کرتے ہوئے شمالی کوریا نے شارٹ ، میڈیم اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے مختلف میزائلوں کے تجربات کئے تھے۔

18/11/2022

*پولینڈ میں گرنے والے میزائل یوکرین کے تھے، نیٹو*

نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پولینڈ میں گرنے والے میزائل ممکنہ طورپر یوکرین سے داغے گئے ہیں ۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل ینس اسٹولٹنبرگ نے یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ میں میزائل گرنے کے واقعے کے بارے میں نیٹو کے ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ یوکرین کے فضائی دفاعی میزائل ہوسکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکے کہ یہ میزائل روس نے داغے تھے۔انھوں نے کہا کہ یوکرین نیٹو کا رکن نہیں ہے جبکہ پولینڈ نیٹو کا رکن ہے لیکن نیٹو نے یوکرین کو مزید جدید فضائی دفاعی نظام دینے کا وعدہ کیا ہے جس پر عمل کیا جائے گا.۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے اسی کے ساتھ صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے آج یوکرین کی حمایت کے لئے ہونے والی سپورٹ گروپ کی میٹنگ میں شرکت کی ۔ انھوں نے بتایا کہ اس میٹنگ میں نیٹو کے اتحادیوں اور حلیفوں نے روسی میزائلوں کو مار گرانے میں مدد کے لئے، مزید جدید فضائی دفاعی سسٹم دینے کے وعدے کئے ہیں ۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے اس سے پہلے بھی یہ شک ظاہر کیا تھا کہ یہ میزائل یوکرین کے ہوسکتے ہیں ۔ امریکا نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے اندر گرنے والے میزائل روسی نہیں ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ قرائن و شواہد بتاتے ہیں کہ یہ میزائل روس نے نہیں داغے تھے لیکن مستقبل میں ایسے کسی بھی واقعے کو روکنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بقول ان کے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ بند ہوجائے۔
دوسری طرف یوکرین کے صدر نے ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ یہ میزائل روس نے داغے تھے ۔ انھوں نے ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرینی فوجی تحقیقات کی بنیاد پر انہیں اس بارے میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ میزائل یوکرین کے نہیں ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ میزائل روس کے تھے۔

18/11/2022

*ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے دراس کی جامع مسجد میں بھیانک آتش زدگی*

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کرگل ضلع کے دراس علاقے میں واقع مرکزی جامع مسجد میں بھیانک آگ لگنے سے اس کا زیادہ تر حصہ تباہ ہوگیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: کرگل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بدھ کی شام دراس کی مرکزی جامع مسجد میں بھیانک آگ لگ گئی جس سے مسجد کا زیادہ تر حصہ تباہ ہوگیا۔ بعض رپورٹوں کے مطابق مسجد کی پوری عمارت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مسجد کی دو اوپری منزلیں پوری طرح سے جل گئی ہیں۔
دریں اثنا، مقامی افراد نے علاقے میں آگ بجھانے والا یونٹ نہ ہونے پر احتجاج کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ بجھانے والی گاڑیاں نہ پہنچنے پر انہوں نے فوج کی مدد سے آگ بجھائی۔
ادھر علاقے کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر فیروز خان نے جامع مسجد میں آگ لگنے کے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ "مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کا آگ بجھانے والا اور ہنگامی حالت کا محکمہ آتش زدگی میں عوامی املاک کی حفاظت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ میں علاقے کے ایل جی (لیفٹینینٹ گورنر) سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سب ڈویژنل سطح پر فائر بریگیڈ یونٹ قائم کروائیں۔"

18/11/2022

*جھوٹے اور افواہ پھیلانے والے عناصر منافقیں کی مانند ہیں، صدرایران*

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ جھوٹے اور افواہ پھیلانے والے عناصر منافقیں کی مانند ہیں جو عقل و شعور کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایک تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ جھوٹ بولنے والے اور افواہ پھیلانے والے عناصر چھوٹی چھوٹی کمزوریوں کو بڑا ظاہر کرنے اور مضبوط پوائنٹ کو معمولی اور چھوٹا ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یہ اسی تشہیراتی جنگ کا حصہ ہے کہ آج جس کا سامنا ہے۔
مہسا امینی کی موت کے بہانے سے ایران میں حالیہ شروع ہونے والے بلووں کے بعد سے ایران مخالف ٹی وی چینلوں خاصطور سے ایران انٹر نیشنل نے علیحدگی پسندوں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور افواہیں پھیلائیں نیز جھوٹا پروپیگنڈہ کیا اور اسی طرح مختلف ایرانی قوموں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔ اور بیس علیحدگی پسندوں کے کم از کم پچاس بار انٹرویو کئے جبکہ بی بی سی بھی ایران مخالف چینلوں میں اپنا منافقانہ کردار ادا کرنے میں کسی سے کم نہیں رہا۔

18/11/2022

‏حکومت 10 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے، ترجمان

Address

Karachi
344410

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Social Urdu News Update posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Share