11/12/2025
دیکھ ہیں اس ایک رخ سے کتنی برتر فاطمہ
سورہء کوثر میں ہیں ممدوح کوثر فاطمہ
لب کشا وہ کیا ہوئیں قرآن ناطق بن گئیں
کر گئیں ایک ایک حرف حق کو دفتر فاطمہ
مسجد ضرار ڈھانے جیسے آئے تھے رسول
اس طرح دربار تک آئیں تھیں چل کر فاطمہ
کون جانے یہ مسافت کون سی منزل میں تھی
چل رہیں تھیں منزلوں کو ساتھ لے کر فاطمہ
آج تک تاریخ ان لمحات کی مقروض ہے
کر گئیں جب گھر کا گھر قرآن کا گھر فاطمہ
انما تطہیر کوثر ذوالعشیرہ ھل آتا
اس طرح قرآں میں ہیں منظر بہ منظر فاطمہ
جو رہے گی تا ابد سایہ فگن قرآن پر
وہ متاع انما ہے تیری چادر فاطمہ
جو حرا بر دوش بھی ہو اصطفا بر دار بھی
کب ترے در کے سوا ایسا کوئ در فاطمہ
گر یہاں آتا نہ قرآں اپنآ جلوہ دیکھنے
یہ کہاں کھلتا کہ کیا کچھ ہے ترا گھر فاطمہ
خامہ میرا خوں چکاں ہے کیا لکھے کیوں کر لکھے
کس طرح زندہ رہیں بعد پیمبر فاطمہ
خو ن اصغر منہ پہ مل کر آئی گی جب حشر میں
حشر میں کردیں گی برپا ایک محشر فاطمہ
عباس
حیدر
زیدی