
01/09/2025
ٹنڈو الہ یار میں آٹے کی من مانی قیمتیں، غریب مزدور دو وقت کی روٹی کو ترس گئے انتظامیہ کی نااہلی سے عوام مزید پریشان، آٹا چکی مالکان کو کھلی چھوٹ
ٹنڈو الہیار میں آٹا چکی مالکان نے من مانی کرتے ہوئے آٹے کی قیمت 90 روپے سے بڑھا کر 110 روپے فی کلو مقرر کر دی ہے۔ مہنگائی کے اس نئے طوفان نے غریب ہاریوں اور مزدور طبقے کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آٹا ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے، مگر منافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ سامارو کی انتظامیہ نااہلی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ضلعی حکام کی خاموشی کے باعث آٹا چکی مالکان کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے، جس کا خمیازہ عام آدمی بھگت رہا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر آٹا چکی مالکان کے خلاف ایکشن لیں اور سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد نوٹس نہ لیا گیا تو وہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔